کراچی، حیدرآباد اور سکھر کیلئے سندھ حکومت اپنی ویلیو ایشن ٹیبل ایف بی آر کے موافق ترتیب دے گی

کراچی (8 اپریل): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تین شہروں کراچی ، حیدرآباد اور سکھر کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے جاری کردہ ویلیوایشن ٹیبل سے موافق ہونے کیلئے ضروری قانون سازی کررہی ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس سے ویڈیو لنک کے ذریعے اسلام آباد سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بنہاسن سے اپنی ملاقات میں کہی۔ ان کی معاونت صوبائی وزراء سہیل سیال، اویس قادرشاہ، ناصر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو اور متعلقہ سکریٹریز نے کی جبکہ ورلڈ بینک کنٹری چیف کی معاونت انکے افسران محترمہ ملیڈا گڈ ، ہما ظفر ، لیر ارسادو (Lire Ersado) ، سیڈ دہادہ (Said Dahdah) ، فرانکوئس اونیمس (Francois Onimus) اور دیگر نے کی۔ پائیدار معیشت کیلئے لچکدار اداروں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مالیاتی ذمہ داری سے متعلق قانون سازی کا مسودہ تیار کرنے میں سندھ پہلے صوبوں میں سے ایک رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالی ذمہ داری میں درمیانی مدت کے مالیاتی فریم ورک (MTFF)اور سال کے دوران وقتا فوقتا ایم ٹی ایف ایف کی اپ ڈیٹ میں اخراجات میں اضافے اور مالی خسارے کی حدود شامل ہیں۔ مسودہ قانون سازی کیلئے اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے۔ یہ نشاندہی کی گئی کہ ایف بی آر نے کیپٹل گینز ٹیکس وصولی کیلئے تین شہروں کراچی ، حیدرآباد اور سکھر کیلئے ویلیوایشن ٹیبل جاری کردیئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان تینوں شہروں کیلئے ویلیو ایشن ٹیبلز کے تعین کیلئے ایف بی آر ٹیبلز کے ساتھ منسلک تھیں۔ تجاوزات کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تجاوزات کو ختم کرنے سے پہلے ہی وارڈ پر دوبارہ آبادکاری اور بحالی کا فریم ورک تیار کیا جائے گا۔ اجلاس میں کراچی میں عالمی بینک کے تعاون سے شروع کیے گئے مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ انکی پیشرفت کا جائزہ لیا جاسکے اور انکی مالی اعانت کو ہموار کیا جا سکے۔
عبدالرشید چنا
میڈیا کنسلٹنٹ، وزیراعلیٰ سندھ