پاکستان کے معروف صداکار و اداکار ضیاءمحی الدین اور سینئر اداکار طلعت حسین نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی سے کورونا وائرس ویکسین کی دوسری ڈوز لگوالی

کراچی ()مجھے بچپن ہی سے ٹیکہ لگوانے سے ڈر لگتا تھا، یہ دوسرا موقع ہے کہ میں نے آرٹس کونسل کراچی سے کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگوائی ہے۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زبردست انتظامات دیکھ کر کافی حیران ہوں، ایسا ماحول بہت کم جگہوں پر نظر آتا ہے جہاں ایس او پیز کا خیال رکھا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کے معروف صداکار و اداکار ضیاءمحی الدین نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں محکمہ صحت سندھ کے تعاون سے قائم کورونا ویکسی نیشن سینٹر سے کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگوانے کے بعد کیا، ضیاءمحی الدین نے کہاکہ ٹیکہ لگوانے سے اس قدر گھبراتا ہوں کہ میں نے کئی فلموں کے معاہدے ان وجوہات پر منسوخ کردیئے کہ مجھے کہیں اور جانے کے لیے ٹیکے لگوانے پڑتے تھے،لیکن کورونا کا ٹیکہ تو بہت آسانی سے لگ گیا، معروف اداکار طلعت حسین نے بھی آرٹس کونسل کراچی سے کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگوائی، واضح رہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں قائم کووڈ ویکسی نیشن سینٹر سے اب تک معروف سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شوبز انڈسٹری کے نامور ستارے کورونا سے بچاﺅ کی ویکسین لگواچکے ہیں، اسی سلسلے میں اداکار راحت کاظمی،اداکارہ سائرہ کاظمی،اداکار ساجد حسن، انیس ہارون، شیما کرمانی، خوش بخت شجاعت، سحر امداد شاہ، محمود شام، امداد حسینی، جوائنٹ سیکریٹری آرٹس کونسل اسجد بخاری،قانون دان ابرار حسن، ظاہر خان، ارشد عبداللہ، شکیلہ حسن، خواجہ رضی حیدرآرٹس کونسل کراچی کی جانب سے دی گئی اس سہولت سے استفادہ حاصل کرچکے ہیں۔