دیپیکا پڈوکون اب تک سلمان خان کے ساتھ کسی فلم میں کیوں نظر نہیں آئیں؟

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان بالی ووڈ انڈسٹری کے وہ پہلے انسان تھے جنہوں نے اُنہیں فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔

دیپیکا پڈوکون سے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ایک مداح نے سوال کیا کہ اُنہوں نے اب تک سلمان خان کے ساتھ کام کیوں نہیں کیا؟

اداکارہ نے مداح کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’ہمارا ہمیشہ سے ہی خوبصورت رشتہ رہا ہے اور وہ ہمیشہ سلمان خان کی شکر گزار رہیں گی کیونکہ سلمان خان ہی وہ انسان ہیں جنہوں نے اُنہیں سب سے پہلے فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔‘

دیپیکا نے فلم کا نام نہیں بتایا جس میں کام کرنے کے لیے سلمان خان نے اُنہیں پیشکش کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ’ اُنہوں نے اس وقت ماڈلنگ کرنا شروع کی تھی اور انکا اداکارہ بننے کا ارادہ نہیں تھا لیکن پھر دو سال بعد اُنہوں نے فلم (اوم شانتی اوم) سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا۔

سلمان خان نے اُنہیں جو موقع دینا چاہا اس کے لیے اُنہوں نے سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’سلمان نےان میں اس وقت اداکاری کی صلاحیت دیکھی جب وہ خود بھی نہیں جانتی تھی کہ اُن کے پاس یہ صلاحیت ہے‘۔