کورونا، پاکستانی اداکاروں کی عوام سے احتیاط کی درخواست

پاکستانی اداکاروں نے کورونا کی تیسری لہر سے مقابلہ کرنے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوام سے درخواست کی ہے کہ پہلے سے زیادہ احتیاط کریں ماسک پہنیں اور ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ رکھیں۔

وزارتِ صحت پاکستان کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔

اس ویڈیو پیغام میں معروف اداکارہ ماہرہ خان، بلال عباس، عدیل حسین، اور اقراء عزیز کو عوام سے حکومت کی جانب سے بتائے گئے کورونا ایس او پیز پر پہلے سے زیادہ سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
ویڈیو پیغام میں اداکارہ ماہرہ خان نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر کورونا کو شکست دیں۔

اداکار عدیل حسین اور بلال عباس نے عوام سے فیس ماسک اور سینیٹائزر کے استعمال کا عہد کرنے کوکہا۔

اقراء عزیز نے سماجی فاصلے کو یقینی بنانے اور زیادہ رش والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کرنے پر زور دیا
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ میں شدت آگئی، 24 گھنٹے کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 9 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔

ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 6لاکھ23ہزار135 ہوگئی، ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 27ہزار 188ہوگئی ہے