ہمدرد یونی ورسٹی کاعالمی یوم نسواں کے موقع پر تقریب کا انعقاد

ہمدرد یونی ورسٹی کے ذیلی شعبہ ORIC (آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشل) کے زیر اہتمام گزشتہ روز خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے بیت الحکمہ آڈیٹوریم مدینۃ الحکمہ میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب میں متفرق شعبہ جات میں خواتین کے فعال کردار کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں خواتین سے متعلقہ مختلف امور پر اسکالرز نے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیےاور ہمدرد پاکستان کے مختلف شعبوں کی سربراہ خواتین نے ہمدرد میں اُنہیں ملنے والے ترقی کے مواقع اورکام کے بہترین ماحول کو سراہا اور اس کو فروغ دینے پر ہمدرد پاکستان کی اعلی انتظامیہ، چیف متولیہ محترمہ سعدیہ راشد صاحبہ اور مینیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر فاطمہ منیر صاحبہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کے آغاز میں چیف متولیہ ہمدرد پاکستان محترمہ سعدیہ راشد کا خصوصی پیغام پیش کیا گیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ ہر دن خواتین کا دن ہے کیونکہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہر معاملے میں برابری کی بنیاد پر محنت کرتی ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آج بھی کئی اداروں میں خواتین کی تنخواہیں مردوں کے مقابلے کم ہیں ۔اُنہوں نے برابری کی بنیاد پر مواقعوں کی ضرورت پر زور دیا اور ہمدرد پاکستان میں قائم صنفی برابری کو پاکستان میں قابل تقلید قرار دیتے ہوئے عزم کا اعادہ کیا کہ ہمدرد پاکستان خواتین کو ہر سطح پر برابری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پُر عزم ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر احسانہ ڈارصاحبہ نے اپنے بہ طور سائنسدان اپنے پروفیشنل سفر میں آنے والے چیلنجز سے شرکاء کو آگاہ کیا اور بتایا کہ مضبوط قوت ارادی سے اپنے خوابوں کی تکمیل ناممکن نہیں۔مہوش سعید اور حنا انیس نے خواتین کی زندگی کے حوالے سے مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آج کی عورت مضبوط اور بااختیار ہے۔اس موقع پر ایک خصوصی نغمہ بھی پیش کیا گیا جس میں پاکستان کی تاریخ میں خواتین کے بھرپور سیاسی کردار اور اُن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اسکول کے طلبہ نے ایک پروگرام بھی تیار کیا جس میں خواتین کو درپیش مسائل کو پیش کیا گیا۔وائس چانسلر ہمدرد یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن نےمہمانوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔ پروفیسر ڈاکٹر ملاحت کلیم شیروانی صاحبہ نے اختتامی کلمات میں معزز مہمانوں کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا ۔ ORIC کی مینیجر ایمن تاج صاحبہ نے تقریب کے انتظامی امور سنبھالے۔