این اے 221 تھرپارکر۔ پولنگ اسٹیشن کوآگ لگادی گئی۔ پولنگ کا سامان جل کر خاکستر

تھرپارکرکے حلقے این اے 221 میں ضمنی الیکشن کے دوران کیسراڑسماں میں پولنگ اسٹیشن کوآگ لگادی گئی، آتشزدگی سے پولنگ کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

نجی تی وی کے مطابق آتشزدگی سے تین پولیس اہلکاروں کی وریاں بھی جل گئیں ، رینجرز اورپولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی کے امان اللہ سمون سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا،گرفتار افراد کو تھانے منتقل کردیاگیا۔آتشزدگی سے پولنگ کا عمل متاثرہوا۔

واضح رہے کہ تھرپارکر کے حلقہ این اے 221 میں ضمنی الیکشن کے سلسلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے، پیپلزپارٹی کے پیر امیرعلی شاہ اور پی ٹی آئی کے نظام الدین راہموں میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔

حلقہ قومی اسمبلی تھرپارکر 221 میں پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سمیت 12 امیدوار مدمقابل ہیں، ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 900 ہے جو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلیے پولنگ اسٹیشنز پہنچنا شروع ہوگئے۔

پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی، پولنگ اسٹیشنزکی کل تعداد 318 ہے جن میں سے 95 انتہائی حساس اور 130 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ حلقے میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، 4 ہزارپولیس اہلکار، ایک ہزاررینجرز کے جوان سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ قومی اسمبلی کی یہ نشست پیپلزپارٹی کے امیدوار کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی