صدر پاکستان نے نلتر میں جیتنے والے اسکئیرز میں میڈل تقسیم کیے۔


کراچی( بیورو رپورٹ ) پی اے ایف اسکی ریزورٹ نلتر میں 28ویں نیشنل الپائن اسکی چیمپئین شپ، تیسری آئس ہاکی چیمپئین شپ، چوتھا اسنو بورڈنگ کپ، 15واں شاہ خان الپائن اسکی کپ، آئس اسپیڈ اسکیٹنگ چیمئین شپ اور 14ویں چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اسکی چیمپئن شپ کی تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی۔ صدر پاکستان جناب عارف علوی اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان نے کہا کہ عوام اور افواج پاکستان کی قربانیوں سے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوا جس کی بدولت ملک میں سیاحت کے دروازے کھل رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں امن کی بحالی کی وجہ سے اس سال بیس لاکھ سے زائد ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے گلگت بلتستان کا رخ کیا۔ صدر مملکت نے پاک فضائیہ اور ونٹر اسپورٹس فیڈریشن کی پاکستان میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کی کاوشوں کو سراہا۔

مہمان خصوصی نے اس ایونٹ میں جیتنے والے اسکیئرز میں میڈل تقسیم کیے۔ 28و یں نیشنل الپائن اسکی چیمپئین شپ ٹرافی گلگت بلتستان اسکاؤٹس کو دی گئی۔ پاکستان کے سرمائی کھیلوں کے دو دفعہ اولمپئین پاک فضائیہ کے محمد کریم کو سلالم اور جائنٹ سلالم کیٹیگری میں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ 15واں شاہ خان الپائن اسکی کپ پی اے ایف کی ٹیم نے جیتا۔ نوید نے سونے کا تمغہ جیتا۔ 14ویں چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اسکی چیمپئن شپ ٹرافی گلگت بلتستان اسکاؤٹس کی ٹیم کو دی گئی۔وقار جونئیر کو سونے اور چاندی کے تمغوں سے نوازا گیا۔سلالم کیٹیگری میں سابقہ اولپئین پاک فضائیہ کے محمد عباس نے سونے کا تمغہ جیتا جبکہ جائنٹ سلالم کیٹیگری میں گلگت  بلتستان اسکاؤٹس کے وقار جونئیر کو سونے کے تمغے سے نوازا گیا۔

آئس اسپیڈ اسکیٹنگ چیمئین شپ ٹرافی گلگت  بلتستان اسکی ایوسی ایشن کو دی گئی۔ گلگت  بلتستان اسکی ایسوسی ایشن کے  اسرار احمد کو سونے کا تمغہ بھی دیا گیا۔ گلگت  بلتستان اسکی ایسوسی ایشن نے تیسری آئس ہاکی چیمئین شپ کی ٹرافی جیتی۔