امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی ایڈہاک بنیادوں پر ملک کو چلا رہی ہے

شعبہ نشرواشاعت جماعت اسلامی پاکستان
منصورہ ملتان روڈ لاہور ۔ فون 5419520- 35252391 فیکس 35252311-35252389
رابطہ نمبر:۔قیصر شریف ،سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان 0333-4555964-

لاہور 18جنوری 2021ئ
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی ایڈہاک بنیادوں پر ملک کو چلا رہی ہے ۔ مشیر درآمد ہو رہے ہیں ۔ ہسپتالوں میں ٹھیکیداری نظام مسلط کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ وزیراعظم کے تبدیلی کے نعرے کھوکھلے ثابت ہوئے ۔ قوم کاوقت ضائع کیا گیا ۔ بند کمروں میں عوام کی قسمت کے فیصلوں اور ایک یرغمال سیاسی نظام کے تحت جمہوریت کبھی مضبوط نہیں ہوسکتی ۔ فیصلہ کرناہوگاکہ ملک آئی ایم ایف کا ہے یا بائیس کروڑ عوام کا ۔ مایوسی اور اندھیروں سے نکلناہوگا ۔ انقلابی جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے اسلام آباد ڈی چوک میں پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی جانب سے کیے گئے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تعلیمی نظام کی تباہی کے بعد پی ٹی آئی نے ہیلتھ سیکٹر کو بھی بربادی کے دہانے پر پہنچا دیا ۔ ہسپتالوں میں غریب عوام کے لیے ڈسپرین کی گولی تک میسر نہیں ۔ حکمران طبقہ خود تو اپنے علاج کے لیے باہر چلاجاتاہے ،لیکن غریب علاج کے لیے در در کے دکھے کھا رہاہے ۔ ہسپتالوں کو ٹھیکیداری نظام کے تحت چلانے کی سازشیں ہورہی ہیں ۔ پی ٹی آئی کے kpمیں ہیلتھ ریفارمز لانے کے دعوے فریب ثابت ہوئے اب وہ پورے ملک کے بچے کھچے نظام کو بھی تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی ایڈہا ک کی بنیاد پر ملک کو چلانے کی پالیسی کامیاب نہیں ہوگی ۔الیکشن سے قبل وزیراعظم یہ دعوے کرتے تھے کہ ان کے پاس دو سو معاشی ماہرین کی ٹیم موجود ہے لیکن ڈھائی برسوں کے بعد بھی وہ ٹیم نہیں نظر نہیں آئی ۔ ایف ایم ایف اور ورلڈ بنک کے اشاروں پر ملک کو چلایا جارہاہے ۔ مشیر باہر سے درآمد ہورہے ہیں ۔قوم کو کچھ معلوم نہیں کہ ان کی تقدیر کے فیصلے کہاںپر لکھے جارہے ہیں ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ایک یرغمال سیاسی نظام کے تحت ملک میں جمہوریت کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی ۔ ملک پر آزادی کے بعد سے ایک ایسا طبقہ مسلط ہے جس نے عوامی فلاح و بہبود اور اداروں کے استحکام کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے ۔ عوام نے مارشل لاز اور جمہوری حکومتوں کے ادوار کو بخوبی دیکھ لیاہے ۔پی ٹی آئی کی حکومت تعلیم ، صحت ، خارجہ ، داخلہ محاذوں پر بری طرح ناکام ہو گئی ہے ۔ وزیراعظم نے ملک کو مدینہ کی ریاست میں تبدیل کرنے کے دعوے کیے لیکن آج لاکھوں بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ ہسپتالوں میں بنیادی صحت کی سہولتیں دستیاب نہیں ۔ کروڑوں لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ۔ انصاف اور احتساب کے وعدے فریب ثابت ہوئے ۔ حکومت نہ صرف کسی بھی شعبہ میں بہتری لانے میں ناکام ہوئی بلکہ اس نے اداروں کو مزید متنازعہ بنا یااور کمزور کیا ۔ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لیے گئے ۔ مہنگائی و بے روزگار ی کے ریکارڈ قائم ہوئے ۔ پڑھے لکھے نوجوان اپنی ڈگریاں جلا کر چوکوں میں مزدوری کے انتظار میں بیٹھے ہیں ۔ لنگر خانوں کے باہر لائنیں لگی ہوئی ہیں ۔ گزشتہ ڈھائی برسوں میں لاکھوں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ۔
امیر جماعت نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں دیکھنا چاہتی ہے ۔ مایوسی اور اندھیروں سے نکلنا ہوگا ۔ ملک کو پٹڑی پر چڑھانے کے لیے ایک انقلابی جدوجہد کی ضرورت ہے ۔جماعت اسلامی نے اسلامی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے تحریک کاآغاز پہلے ہی کردیاہے ۔جس کے تحت kpk کے مختلف شہروں اور گجرانوالہ میں جلسے اور ریلیاں ہوئیں ۔ آنے والے دنوں میں پنجاب میں تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا ۔ سرگودہا میں جلد بڑا جلسہ کریں گے ۔ جماعت اسلامی کے کارکن تیار رہیں ۔
جاری کردہ

شعبہ نشرواشاعت جماعت اسلامی پاکستان
٭٭٭٭٭