کراچی میں 20 مقامات پر دھرنا اور احتجاج، آمد و رفت بند

بلوچستان کے علاقے مچھ میں کان کنوں کے قتل کے خلاف ہزارہ برادری سے اظہارِ یک جہتی کے لیے اہلِ تشیع کمیونٹی کا احتجاج کراچی میں بھی جاری ہے۔

آج صبح تک شہر کے مزید کئی مقامات پر دھرنا دیا گیا ہے، مجموعی طور پر مرکزی شاہراہوں کو 20 مرکزی مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق آج صبح نارتھ ناظم آباد میں فائیو اسٹار چورنگی کے مقام پر شیرشاہ سوری روڈ کو ٹریفک کے لیے مکمل بند کر دیا گیا ہے۔

کراچی میں مختلف مقامات پر دھرنا جاری

شہر کے مختلف علاقوں کو سہراب گوٹھ کے راستے موٹر وے ایم نائن سے ملانے والی شاہراہِ پاکستان کو عائشہ منزل کے قریب سے دھرنا دے کر بند کیا گیا ہے۔

ناظم آباد نمبر 7 اور ناظم آباد نمبر 1 کی چورنگی کے مقامات پر بھی دھرنے دیئے گئے ہیں۔

نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی، ایم اے جناح روڈ پر مزارِ قائد کے قریب نمائش چورنگی، گلستانِ جوہر میں کامران چورنگی، گلشنِ اقبال میں یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک کے قریب دھرنا جاری ہے۔

شارع فیصل پر فلک ناز اپارٹمنٹ کے قریب جبکہ نیشنل ہائی وے پر ملیر 15، ابوالحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاؤن، گلشنِ اقبال میں نیپا چورنگی اور شاہ فیصل کالونی برج پر گزشتہ روز سے دھرنا جاری ہے۔

سرجانی ٹاؤن میں خدا کی بستی، گلشنِ اقبال میں مسکن چورنگی، صفورہ چورنگی کے قریب یونیورسٹی روڈ، راشد منہاس روڈ جوہڑ موڑ، کورنگی نمبر ڈھائی اور نیشنل ہائی وے پر اسٹیل ٹاؤن چورنگی پربھی دھرنا اور احتجاج جاری ہے۔

سرجانی ٹاؤن میں کے ڈی اے فلیٹس کے قریب بھی احتجاج شروع کر دیا گیا ہے۔

ایک اطلاع کے مطابق موٹر وے ایم نائن جمالی پل کے قریب بھی احتجاج کیا گیا مگر ترجمان موٹر وے کے مطابق موٹر وے ایم نائن گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر کلیئر ہے، ایم نائن موٹر وے پر کسی مقام پر احتجاج ہو رہا ہے اور نہ ہی کہیں ٹریفک بند ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کنٹرول کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منزلِ مقصود پر پہنچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔

https://jang.com.pk/news/868905
افضل ندیم ڈوگر