محمد رضوان نے وہ کارنامہ سرانجام دیدیا جو کوئی اور پاکستانی کھلاڑی نہیں کرسکا

قومی ٹیم کے قائم مقام کپتان محمد رضوان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی نصف سنچری سکور کرکے وہ کارنامہ سرانجام دیدیا ہے جو اس سے قبل اور کوئی پاکستانی کھلاڑی نہیں کرسکا ہے ۔ محمد رضوان نے کرائسٹ چرچ کے پہلے روز اظہر علی کے ساتھ عمدہ پارٹنر شپ قائم کرکے پاکستان کی پوزیش مستحکم کی، 28 سالہ وکٹ کیپر بلے باز 61 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جس کے ساتھ ہی وہ SENA ممالک(جنوبی افریقہ،انگلینڈ،نیوزی لینڈ،آسٹریلیا) میں مسلسل 5 نصف سنچریاں سکور کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بھی بن گئے، ان سے قبل ایشین بریڈمین ظہیر عباس اور اعجاز احمد 4،4 مرتبہ یہ کارنامہ سر انجام دینے والے پاکستانی بیٹسمین تھے ، سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکار، اروندا ڈی سلوااور اسانکا گروسنہا، سابق بھارتی بلے باز راہول ڈریوڈ اور سابق کپتان سارو گنگولی بھی اتنی ہی مرتبہ یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔

SENA ممالک(جنوبی افریقہ،انگلینڈ،نیوزی لینڈ،آسٹریلیا) میں سب سے زیادہ مسلسل نصف سنچریاں سکورکرنے کا اعزاز سابق بلے باز گندپا وشواناتھ کے پاس ہے جنہوں نے مسلسل 7 نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی ٹیم 297 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ہے۔ کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں کھیلے جارہے میچ کے پہلے دن نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، شان مسعود اور عابد علی پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کے آغاز کے لیے میدان میں اترے تو شان مسعود نے اپنی ناکام ہونے کی روایت برقرار رکھی اور کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔
دوسری وکٹ پر عابد علی اور اظہر علی نے 62 رنز کی شراکت قائم کی، عابد علی بھی 25 رنز بنا کر پوویلین واپس گئے۔ اظہر علی کا ساتھ نبھانے حارث سہیل آئے لیکن وہ بھی صرف ایک ہی رن بناسکے، گزشتہ میچ میں پاکستان کی لاج رکھنے والے فواد عالم بھی صرف 2 رنز ہی بناسکے۔ 83 رنز پر پاکستان کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں، ایسے وقت پر کپتان محمد رضوان بیٹنگ کے لیے آئے۔
انہوں نے اظہر علی کے ساتھ مل کر 88 رنز کی شراکت قائم کی جس میں رضوان کا حصہ 61 رنز کا تھا۔ رضوان کے بعد فہیم اشرف نے اظہر علی کے ساتھ پاکستان کو سکور کو آگے بڑھانے کا بیڑا اٹھایا دونوں نے مجموعی سکور میں 56 رنز کا اضافہ کیا۔ 227 کے سکور پر کیویز بولرز کے آگے مزاحمت کی تصویر بنے اظہر علی کی ہمت بھی جواب دے گئی، انہوں نے 93 رنز بنائے، فہیم اشرف اور ڈیبیو کرنے والے ظفر گوہر نے اچھی شراکت قائم کی، فہیم 48 اور ظفر گوہر 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، شاہین آفریدی 4، نسیم شاہ 12 رنز بناکر پوویلین لوٹے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کائلز جیمیسن نے 5، ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے 2،2اور ہینری نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پہلے ہی ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے

https://www.urdupoint.com/sports/detail-news/live-news-2692665.html