نائٹ پارٹی کے دوران جھگڑے کا معاملہ ، کمرے سےممنوعہ سامان بھی برآمد-اہم انکشافات

نائٹ پارٹی کے دوران جھگڑے کا معاملہ ، کمرے سےممنوعہ سامان بھی برآمد
کسی معاملے پر تلخ کلامی کے بعد دو بہنوں کو ساتھیوں نے بالکونی سے نیچے پھینک دیا،مرنے والی خاتون کا ایک بیٹا بھی تھا، واقعے سے متعلق اہم انکشافات سامنے آ گئے


اسلام آباد کے ہوٹل سے دو بہنوں کے گرنے کے معاملے میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں،کمرے سے ممنوعہ سامان بھی برآمد ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز دارالحکومت میں ایک ہوٹل کی عمارت سے ایک خاتون گر کر ہلاک جب کہ دوسری زخمی ہو گئی ہے۔یہ واقعہ ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آیا،جہاں گجرات سے 2 مرد اور 2 خواتین ہوٹل میں شام میں قیام کے لیے آئے اور انہوں نے مخصوص کمرہ مانگا۔
پولیس کے مطابق مخصوص کمرہ پانچویں منزل پر تھا،وہ انہیں دیا گیا تاہم اگلی صبح ایک کے بعد ایک خاتون کمرے کی بالکونی سے نیچے آ گری۔جس کے بعد سیکیورٹی گارڈز نے انہیں نیچے گرا ہوا دیکھا تو ہوٹل اسٹاف کو مطلع کیا اور جب وہ جائے وقوع پر پہنچنے تو وہاں ایک خاتون دم توڑ چکی تھیں جب کہ دوسری شدید زخمی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تھوڑی دیر بعد ہی ان کے مرد ساتھیوں کو ہوٹل چھوڑنے کی کوشش کرنے کے دوران پکڑ لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ جب انہیں رکنے کا کہا گیا تو انہوں نے مزاحمت دکھائی جس پر ایک گارڈ نے خبردار کیا تاہم انہوں نے دوبارہ فرار ہونے کی کوشش کی جس پر گارڈ نے ایک مرد کے پاؤں پر فائر کیا اور پولیس کو آگاہ کیا جس پر پولیس نے وہاں پہنچ کر انہیں گرفتار کر لیا۔دونوں زخمیوں مرد اور خاتون سمیت مرنے والی خاتون کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا۔واقعے سے متعلق لوہی بھیڑ پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں خواتین آپس میں بہنیں تھیں۔
مزید یہ کہ مرنے والی بڑی بہن شادی شدہ تھی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔پولیس نے ہوٹل کے کمرے سے کچھ ممنوعہ سامان بھی برآمد کیا ہے۔پولیس نے مزید کہا کہ کسی معاملے پر تلخ کلامی کے بعد خاتون کو ان کے ساتھیوں نے بالکونی سے نیچے پھینک دیا تھا۔
————-

https://www.urdupoint.com/daily/livenews/2020-12-15/news-2675602.html