حکومت مخالف تحریک، ن لیگ کے اراکین پارلیمنٹ نے استعفے جمع کروانا شروع کردیے


اپوزیشن جماعتوں کی اکثریت اسمبلیوں سے استعفوں پر متفق ہوگئیں ، پاکستان پیپلزپارٹی فوری طور پر استعفے دینے کے حق میں نہیں ، میڈیا ذرائع

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کی اکثریت اسمبلیوں سے استعفوں پر متفق ہوگئیں ، مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اسمبلی نے استعفے مرکزی قیادت کو جمع کروانا شروع کردیے، اراکین صوبائی اسمبلی بھی جلد استعفے جمع کروائیں گے ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے استعفوں کے بارے میں پی ڈی ایم کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کیا جائے گا جب کہ جمعیت علماء اسلام ف کے اراکین پارلیمنٹ بھی استعفے جلد جمع کروادیں گے تاہم پاکستان پیپلزپارٹی فوری طور پر استعفے دینے کے حق میں نہیں ہے۔
اس سے پہلے پاکستان مسلم لیگ ن نے13 دسمبر کے جلسے میں استعفے دینے کا عندیہ دے دیا تھا ، پارٹی صدر شہبازشریف نے مریم نواز کو سیاسی معاملات چلانے سے متعلق اہم مشورے دیے، شہبازشریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز نے لانگ مارچ پر بھی اتفاق کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف، پارٹی کی نائب صدر مریم نواز اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں حمزہ شہباز کے درمیان گزشتہ روز اہم ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال، انتقامی مقدمات کاروائیوں سمیت پی ڈی ایم کے پلیٹ فورم پر ن لیگ کی تحریک چلانے سے متعلق متفقہ فیصلے کیے گئے۔

نائب صدر مریم نواز نے پارٹی صدر شہباز شریف کو پی ڈی ایم کی تحریک اور اب تک کے جلسوں سے متعلق آگاہ کیا، جس پر شہبازشریف نے مریم نواز کو آئندہ کی سیاسی صورتحال سے متعلق اہم مشورے بھی دیے۔ بتایا گیا ہے کہ مریم نواز نے شہبازشریف کی ملاقات میں طے پائے جانے والے سیاسی معاملات سے پارٹی ارکان کو بھی آگاہ کردیا ہے ، ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے کہ شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز شریف نے ملاقات میں متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فورم پر بھرپور انداز میں تحریک چلائی جائے گی اور اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ میں سب سے زیادہ شدت کے ساتھ شامل ہوا جائے گا، اسی طرح تینوں رہنماؤں نے ارکان کے اسمبلی کے استعفوں پر بھی بات کی، جس کے تحت ممکن ہے کہ ابتدائی مرحلے میں ارکان پنجاب اسمبلی 13 دسمبر کو لاہور جلسے میں استعفے دینے کا اعلان کردیں