ایل این جی ریفرنس، شاہد خاقان عباسی کی پہلے گواہ وفاقی وزیر شیخ رشید کو بلانے کی استدعا


ایل این جی ریفرنس، شاہد خاقان عباسی کی پہلے گواہ وفاقی وزیر شیخ رشید کو بلانے کی استدعا
اسلام آباد (نامہ نگار) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی ریفرنس میں پہلے گواہ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو بلانے کی استدعا کر دی ہے۔ سابق وزیراعظم کی طرف سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ ریفرنس کے گواہوں کو ترتیب سے طلب کیا جائے۔ شیخ رشید احمد ریفرنس کے پہلے گواہ ہیں۔ پہلے ان کو طلب کیا جائے۔ نیب گواہ محمد حسن کا بیان ریکارڈ کرنے کیلئے گواہ سے کمرہ عدالت میں حلف لیا گیا۔ نیب کی طرف سے کہا گیا کہ پہلے بھی انھوں نے دستاویز کی کاپیاں لیں ابھی بھی لینا چاہتے ہیں تو لیں، جس پر بیرسٹر ظفر اللہ نے کہاکہ ہم نے پہلے بھی کہا کہ ہم لڑائی نہیں کرنا چاہتے۔ دستاویزات میں 15،17،19 صفحہ نہیں، دستاویزات میں کچھ صفحات ہیں ہی نہیں، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ تمام صفحات ہیں آپکو کاپیاں مل جائیں گی۔ اس پر وکیل نے کہاکہ جب صفحے مکمل نہیں تو بات کیسے ہو گی۔ بیرسٹر ظفراللہ نے کہاکہ آپ نے نیب کو حکم دیا تھا کہ ریفرنس کی کاپی دیں، عدالت نے کہاکہ آج آپ انکو کاپی فراہم کریں، وکیل نے کہاکہ نامکمل دستاویزات ایکسیپٹ نہیں ہو گی۔ شاہد خاقان عباسی کو جانے کی اجازت دے دی، دوران سماعت وکیل صفائی اور نیب پراسیکیوٹر کے مابین تلخ کلامی ہوگئی۔