شاہد آفریدی اور شعیب اختر کا نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور فاسٹ بولر شعیب اختر کی جانب سے مسلم لیگ نون کے قائد میاں نواز شریف اور مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے شاہد آفریدی نےمرحومہ بیگم شمیم اختر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شاعر مشرق علامہ اقبال کی معروف نظم’والدہ مرحومہ کی یاد میں‘ کا ایک سطر لکھا:

اب دُعائے نیم شب میں کس کو مَیں یاد آؤں گا

شاہد آفریدی نے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’خدائے بزرگ و برتر، بیگم شمیم اختر کی مغفرت فرمائے۔
سابق کپتان نے لکھا کہ’ اللّہ تعالیٰ میاں محمد نوازشریف اور دیگر اہلخانہ کو آزمائش کی اس گھڑی میں صبر عطا کرے۔‘

دوسری جانب روالپنڈی ایکسپریس سے جانے والے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی مرحومہ بیگم شمیم اختر کے انتقال کی افسوسناک خبر پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے
شعیب اختر نے کہا کہ’میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ اور مریم نواز صاحبہ کی دادی محترمہ شمیم اختر کی وفات کی خبر سن کر شدید رنج ہوا۔ ‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’اللّہ تعالیٰ مرحومہ بیگم شمیم اختر کوجنت الفردوس میں جگہ عطا کرے اور اہل خانہ کو صبر عطا کرے
واضح رہے کہ نواز شریف و شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر گزشتہ روز لندن میں انتقال کرگئیں جس کی اطلاع مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے بیان کے ذریعے دی