ماحول دوست توانائی منصوبوں میں سندھ سب سے آگے ہے۔امتیاز احمد شیخ وزیر توانائی سندھ۔

عالمی بینک کے تعاون سے صوبے میں 12.8 ارب روپے لاگت کے شمسی توانائی منصوبوں پر مذاکرات۔
مانجھند ضلع جامشورو میں 560 میگا واٹ اور گھارو ضلع ٹھٹھہ میں 300 میگا واٹ کے سولر پارک پر بات چیت
دونوں سولر پارک سے پیدا ہونے والی بجلی کی کھپت اور خریداری کے لئے وفاق اور کے الیکٹرک سے گفت و شنید کا فیصلہ۔
کراچی 19 نومبر ۔سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ ماحول دوست توانائی منصوبوں کے لئے سندھ کی فضا نہایت سازگار ہے قدرت نے ہمیں بےش بہا شمسی توانائی کی دولت سے سرفراز کیا ہے اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کا سب سے بڑا ونڈ کوریڈور بھی سندھ میں ہے۔یہ بات انہوں نے آج عالمی بینک کے افسران کے ساتھ وڈیو لنک پر منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کہی۔اجلاس میںعالمی بینک کی معاونت سے سندھ میں شمسی توانائی کے منصوبوں پر پیشرفت اور عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عالمی بینک کے سینئر انرجی اسپیشلسٹ اولیور نائٹ Oliver Knight, عالمی بنک کے انجم احمد ،ماہا ارشد اور دیگر افسران کے علاوہ سیکریٹری توانائی سندھ طارق علی شاہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر محکمہ توانائی قاضی محفوظ اور دیگر افسران موجود تھے۔اس موقع پر وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے مانجھند ضلع جامشورو میں 560 میگا واٹ اور گھارو ضلع ٹھٹھہ میں 330 میگاواٹ کے دو سولر پارک ڈیولپ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ قدرتی وسائل سے صاف شفاف اور ماحول دوست بجلی پیدا کرکے بجلی کی شدید قلت کے بحران سے بچا جاسکے۔امتیاز شیخ نے مجوزہ دونوں سولر پارک سے پیدا ہونے والی بجلی کی کھپت اور خریداری کے لئے وفاقی حکومت اور کے۔الیکٹرک سے بات چیت کرنے کے لئے بھی پیشرفت پر زور دیا۔وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے کے تمام اضلاع کے ان اسپتالوں جن میں کورونا ایمرجنسی سینٹرز قائم ہیں کو سب سے پہلے سولرائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں صوبے کے مختلف اضلاع میں موجود ایسے 29 اسپتالوں کو شمسی بجلی پر چلانے کے لئے 1.2 ارب روپے لاگت کا منصوبے پر مارچ 2021 تک کام مکمل کرلیا جائے گا۔ جس کے بعد صوبے کے دیگر اسپتالوں کو بھی سولرائز کیا جائے گا۔اجلاس میں سندھ کے دور دراز اضلاع کے دو لاکھ غریب گھروں کو نہایت سستی قیمت پر شمسی بجلی فراہم کرنے کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی بھی ہدایات دیں گئیں۔وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے محکمہ توانائی کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کو جلد از جلد قابلِ عمل بنانے کے لئے تمامتر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔
ہینڈ آﺅ ٹ نمبر 795۔۔۔ایس اے این