شرجیل میمن نے ٹنڈو جام میں بچت بازار کا افتتاح کردیا

ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وزیر اعلی سندہ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر سندھ بھر میں مہنگائی کے ستائے ہوئے لوگوںکو ریلیف فراہم کرنے کیلئے بچت بازار لگانے فیصلہ کیا گیا ہےجس کی شروعات ضلع حیدرآباد میں مختلف مقامات پر بچت بازاروں کے انعقاد سے ہوچکی ہے، دیگر شہروں میں بھی عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے بہت جلد بچت بازار لگائے جائیں گے جہاں ملک بھر کی مارکیٹوں کے مقابلے میں کم داموں پر آٹا، چینی، دالیں اور دیگر اشیائے ضروریہ فروخت کی جائیں گی ۔یہ بات انہوں نے اتوار کو ٹنڈو جام میں بچت بازار کے افتتاح کے بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کا یہ منشور ہے کہ عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے یہ ہی وجہ ہے کہ آج ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسلسل دوسری مرتبہ ٹنڈو جام تعلقہ دیہی اور تعلقہ لطیف آباد میں بچت بازاروں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو انسان دوست شخصیت

کے مالک ہیں ان کی نگرانی میں ضلع بھر کے افسران بہترین کارکردگی مظاہرہ کر رہے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ کے متعلقہ افسران کو پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنانے، مرغی، بکرے اور گائے کے گوشت، آٹا، دالیں اور چینی کے علاوہ دودھ سمیت دیگر تمام اشیاِئے ضروریہ کی فروخت مقررہ قیمتوں پر کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ شرجیل انعام میمن نے متعلقہ افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ بچت بازار میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا خصوصی خیال رکھیں اور بچت بازاروں میں بغیر ماسک کسی بھی دکاندار یہ عام آدمی کو داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ شرجیل میمن نے عوام الناس کو اپیل کی ہے کہ وہ بچت بازاروں میں ماسک کے بغیر نہ آئیںکورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاط لازمی ہے۔ اس موقع ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد اور اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ دیہی قندیل فاطمہ کے ہمراہ بچت بازار میں لگائے گئے اسٹالوں کا جائزہ لیا۔
————-https://jang.com.pk/news/845233?_ga=2.231341791.1153286787.1605508601-790445797.1605508601—-