کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سالانہ انتخابات میں پروگریسو پینل نے تمام عہدوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی


کراچی(نمایندہ خصوصی)
کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سالانہ انتخابات میں پروگریسو پینل نے تمام عہدوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی نومنتخب قیادت نے عزم ظاہر کیا کہ صحافیوں کے حقوق اور آزادی صحافت کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سالانہ انتخابات 2020 کے لیے قائم الیکشن کمیٹی کے سربراہ ابن حسن کے جاری کردہ انتخابی نتائج کے مطابق نظام صدیقی صدر، اعجاز شیخ اور جاوید قریشی نائب صدر کے عہدوں پر کامیاب قرار پائے۔ جنرل سیکریٹری کے یو جے کے عہدے پر فہیم صدیقی پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں ۔جوائنٹ سیکریٹری کے عہدوں پر قادر ضیا اور یونس آفریدی، خازن کے عہدے پر رانا لیاقت نے انتخاب جیتا جبکہ مجلس عاملہ کی نشستوں پر ایم اظہر، میاں طارق جاوید، قیصر عباس، رانا طاہر، ریاض سہیل، رضوان احد خان اور سمیرا ججا کامیاب ٹھہرے۔ سالانہ انتخابات میں ٹرن آؤٹ پچاس فیصد سے زائد رہا۔ کے یو جے کے سالانہ انتخابات میں پروگریسو پینل اور دی پینل مدمقابل تھے۔ نومنتخب صدر نظام صدیقی نے کہا کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی، نومنتخب جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی کا کہنا تھا کہ آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کیلئے کے یو جے آواز بلند کرتی رہے گی۔