سائٹ صنعتی ایریا میں ٹریفک مسائل حل کیے جائیں گے، جاوید مہر


Oct 27, 2020
کراچی(کامرس رپورٹر)ڈی آئی جی ٹریفک کراچی جاوید علی مہر نے کراچی کے سب سے بڑے صنعتی ایریا سائٹ میں ٹریفک جام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ شام کے اوقات میں سائٹ کے مصروف راستوں پر خراب گاڑیوں کو ہٹانے کے لیے لفٹر مہیا کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست زبیر موتی والا، صدر عبدالہادی، سینئر نائب صدر ریاض الدین، نائب صدر عبدالقادر بلوانی و دیگر بھی موجود تھے۔سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبد الہادی نے ڈی آئی جی ٹریفک کو انٹری ایگزٹ پوائنٹس پر ٹریفک کی رکاوٹوں سے آگاہ کرتے ہوئے درخواست کی کہ ماڑی پور کے علاقے افضا فلائی اوور، ناظم آباد میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ جس کے جواب میں ڈی آئی جی ٹریف میں اس مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔عبدالہادی نے یہ درخواست بھی کی کہ سغیر قانونی ٹرک اسٹینڈ لوڈ کرنے والی گاڑیاں، مزدا، رکشہ، ہاتھ گاڑیاں اور ڈھابے وغیرہ کا خاتمہ کیا جائے۔ایس ایس پی ٹریفک نے جواب میں کہا کہ ٹریفک پولیس کو غیر قانونی ٹرک اسٹینڈز کو ہٹانے میں بہت زیادہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ گاڑیوں کے مالکان کی جانب سے مزاحمت کی جاتی ہے جو بعض اوقات ٹریفک پولیس اہلکاروں پر حملہ کر کے انہیں زخمی بھی کر دیتے ہیں۔ سرپرست زبیر موتی والا نے کہا کہ اورنگی نالہ پل کی توسیع کا کام مکمل ہونے کے بعد ناظم آباد میں خاص طور پر گاڑیوں کی پارکنگ اور کچرا پھینکنے کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہوجاتا ہے ۔

جس کے جواب میں جاوید مہر نے کہا کہ یہ مسئلہ اُن کے علم میں ہے اور انہوں نے ایس ایس پی ٹریفک ڈسٹرکٹ سنٹرل کو پہلے ہی اس سلسلے میں ہدایت جاری کی ہے اورساتھ میں یہ بھی کہا کہ وہ اس مسئلے کو ڈی سی سنٹرل کے پاس اٹھائیں گے کیونکہ کچرے کو اٹھانا ان کے اختیار میں آتا ہے۔زبیر موتی والا نے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے سائٹ کے علاقے کی 19 سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کے لیے 1.037 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری کے بارے میں آگاہ کیا اور ڈی آئی جی ٹریفک سے درخواست کی کہ وہ اپنی ضروریات یعنی اسپیڈ بریکر، سگنلز اور یو ٹرن وغیرہ کو بھی عمل درآمد کے مرحلے میں شامل کرنے کے لیے تجویز کریں۔ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ زیادہ بہتر ہوگا کہ ان امور پر بہتری لانے کے لیے منصوبہ بندی کے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا جائے جس کے لیے جلد ہی ایک خصوصی اجلاس بلایا جائے گا۔حالیہ بارشوں کی وجہ سے سائٹ کے علاقے میں سڑکوں کا نیٹ ورک تباہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں بہت زیادہ مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔