گرفتاری دراصل عمران نیازی کی جمہوریت پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔

قومی اسمبلی کے رکن اور پیپلز پارٹی کے سی ای سی کے ممبر نواب یوسف تالپور نے مسلم لیگ ن کے رہنما کپٹن(ر)صفدر اعوان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی گرفتاری دراصل عمران نیازی کی جمہوریت پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ صفدر اعوان مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی جمہوریت کے لیئے قربانیوں اور وقت کے آمر کی جانب سے ان کے ووٹ چرانے کی مذمت اور موجودہ دور میں ووٹ کو عزت دینے کی بات کی تھی جس پر کسی بھی طرح گرفتاری نہیں بنتی۔انہوں نے کہا کہ وہ سندھ کے مہمان تھے اور یہاں مہمان کی گرفتاری میزبان کی بے عزتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کی روایت کے مطابق مہمان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صفدر اعوان کو فوری رہا کیا جائے ورنہ ہم وقت کی فرعون حکومت کے خلاف احتجاج بھی کریں گے اور قومی اسمبلی میں اس پر احتجاجی تحریک بھی پیش کریں۔انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی اپیل کی ہے کہ صفدر اعوان کی سندھ میں گرفتاری سے انتہائی گمبھیر صورتحال پیدا ہو گئی ہے اس لیئے فوری طور پر پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس بلایا جائے تاکہ اس گمبھیر صورتحال سے نمٹنے کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔