معروف ماہر تعلیم پروفیسر عظمت اللہ بھٹہ کی رہائش گاہ پر ایک اہم اجلاس

سعودی دارلحکومت الریاض میں فنون لطیفہ اور طلباء کی استعداد کار کی ترقی اور ترویج کے لئے معروف ماہر تعلیم پروفیسر عظمت اللہ بھٹہ کی رہائش گاہ پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف علمی و ادبی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی، اس موقع پر طلباء کی مختلف غیر نصابی سرگرمیوں اور فنون لطیفہ اور آئی ٹی جیسے شعبوں میں ترقی اور ترویج کی ضرورت پر زور دیا گیا اور ایک نئی سماجی تنظیم ’’اظہار‘‘ کی بنیاد رکھی گئی جس کے اغراض و مقاصد میں یہ طے کیا گیا کہ طلباء کو فن تحریر و تقریر، شعری و نثری ادب ، مصوری ، نامہ نگاری، مضمون نگاری اور آئی ٹی جیسے اہم شعبوں میں تربیت اور معاونت فراہم کی جائے گی، اس موقع پر باہمی مشاورت سے تنظیمی ڈھانچے کا اعلان کیا گیا جس میں تنظیم کی صدارت پروفیسر عظمت اللہ بھٹہ، سینئر نائب صدر ذولفقار احمد، نائب صدر معروف شاعر شاہد خیالوی، جنرل سیکرٹری راشد محمود، جوائنٹ سیکرٹری انجینئر محمد اعجاز اور ہیڈ آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی عبدالصبور کو مقرر کیا گیا جبکہ مجلس عاملہ کے اراکین نے فیصلہ کیا کہ تنظیم کی سرپرستی کے لئے سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز سے درخواست کی جائے گی۔ اس موقع پر اجلاس کی صدارت پروفیسر عظمت اللہ بھٹہ نے کی جبکہ نظامت کے فرائض راشد محمود نے انجام دئے،دیئے اجلاس سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور تنظیمی پیش رفت اور طلباء کی استعداد کار بڑھانے کے طریقہ کار طے کرنے پر پروفیسر عظمت اللہ بھٹہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔