کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کو بین الاقوامی سطح کا کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز بنایا جائے گا،


کراچی ( ) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کو بین الاقوامی سطح کا کھیلوں کی سرگرمیوں کا مرکز بنایا جائے گا، اسپورٹس گالا اور سٹی میراتھن کے انعقاد میں مکمل تعاون کریں گے، کے ایم سی کرکٹ ٹیم بحال کردی ہے دیگر ٹیمیں بھی جلد بحال ہوں گی،کے ایم سی کے زیر انتظام تمام پارکس میں باسکٹ بال اور ٹینس کورٹس تعمیر کئے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن، بلدیہ عظمیٰ کراچی محکمہ اسپورٹس اینڈ کلچر اور شمسی ٹینس اکیڈمی کے اشتراک سے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،


اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس کے ایم سی سید خورشید شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس کمپلیکس کنور ایوب، چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی خالد جمیل شمسی، آرگنائزنگ سیکریٹری غلام محمد خان، سیکریٹری سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن احمد علی راجپوت، شاہدہ پروین کیانی، بیگم اسماء محمد علی شاہ، محمد ارشد، محمد اخلاق، مخدوم ریاض، ماسٹر اصغر بلوچ، انجینئر محفوظ الحق، عارف اعوان ایڈوکیٹ، حمیرہ صدیق، اعجاز قریشی، عمیر خان، خالد بروہی، عظمت اللہ خان، نوشاد احمد خان، محمد نقی اور اسد عباد علی بھی موجود تھے،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہر میں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہے لہٰذا جو ادارہ بھی اس حوالے سے کوئی اچھا اور بامقصد پروگرام لے کر آئے گا اسے خوش آمدید کہا جائے گا،انہوں نے کہا کہ کراچی میں بین الاقوامی سطح کے اسپورٹس ایونٹس منعقد ہوئے ہیں اور اس اعتبار سے کراچی کو پوری دنیا میں شہرت ملی ہے، آئندہ بھی کراچی کی اسی روایت کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں تاکہ یہاں کے

لوگوں کو اعلیٰ اور معیاری کھیلوں کے مقابلے دیکھنے کو ملیں اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کھیلوں سے محبت کرنے والا شہر ہے جہاں ہر کھیل کے نامور کھلاڑی پیدا ہوئے ہیں اور عالمی سطح پر انہوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنوری 2021ء میں تیسری سٹی میراتھن بہترین انداز میں منعقد ہوگی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا ریکارڈ درج کرائے گی، انہوں نے کہا کہ وہ جب تک اس منصب پر ہیں

شہر میں کھیلوں کے فروغ اور سر پرستی کا سلسلہ جاری رکھیں گے، انہوں نے اعلان کیا کہ کے ایم سی کرکٹ ٹیم بحال ہونے کے بعد آئندہ کراچی میں ہونے والے تمام ایونٹس میں حصہ لے گی جبکہ کے ایم سی میں دیگر کھیلوں کی ٹیموں کو بھی جلد ہی مشاورت کے بعد بحال کردیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں جاری ترقیاتی کام چند ماہ میں مکمل ہوجائیں گے اور ٹینس ایرینا کو بھی 25 دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے، تقریب میں کراچی کی کھیلوں کی مختلف تنظیموں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی کو کھیلوں کے فروغ میں ان کی خدمات پر قائد اعظم حسن کارکردگی ایوارڈ پیش کیا گیا۔