ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے ‘مرزا عالم بیگ

حکومت نے ادویہ ساز کمپنیوں کے سامنے بھی گھٹنے ٹیک دیے ‘غریبوں پر مزید بوجھ نہ ڈالا جائے
کمزور طبقہ شدید پریشان ہے‘ حکومت کا مہنگائی پر کوئی کنٹرول نہیں‘ معروف سماجی ر ہنمائ
کراچی(اسٹاف ر پورٹر)معروف سماجی ر ہنماءمرزا عالم بیگ نے کہا ہے کہ حکومت ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فوری طور پرواپس لے‘قوم پہلے ہی کورونا وائرس سے پریشان ہے ایسی صورتحال میں ادویات کی قیمتوں میں خصوصی رعایت دینے کے بجائے حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا جو سراسر عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ گزشتہ روزاپنے ایک جاری کردہ بیان میں مرزا عالم بیگ نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار غریبوں پر مزید بوجھ نہ ڈالیں‘ آٹا‘ چینی‘ پیٹرول کے بعد ایسا لگتا ہے کہ حکومت نے ادویہ ساز کمپنیوں کے سامنے بھی گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔معروف سماجی ر ہنماءنے مزید کہا کہ شہری بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے سبب شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں‘عوام کو کے الیکٹرک کی اووربلنگ اور طویل لوڈ شیڈنگ سے بھی نجات دلائی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عام آدمی پر بوجھ نہ ڈالنے کے حکومت کے دعوے اوروعدے صرف زبانی کلامی ہی ہیں‘ ادویات و اشیائے ضرور یہ کی قیمت حد درجہ بڑھ چکی ہیں‘ ستم ظریفی یہ ہے کہ سرکاری یوٹیلیٹی اسٹور زپربھی اشیاءکی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں اور کم قیمت اشیاءدستیاب ہی نہیں‘ حکومت کا مہنگائی پر کوئی کنٹرول نہیں ‘ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے کے سبب غریب و کمزور طبقہ شدید پریشان ہے۔