متحدہ عرب امارات میں الیکٹرک ایئر ٹیکسی کی باقاعدہ شروعات 2026 میں ہوں گی

امریکی کمپنی جابی ایوی ایشن نے متحدہ عرب امارات میں اپنی جدید الیکٹرک ایئر ٹیکسی کی صحرا میں ہونے والی آزمائشی پروازوں کو کامیاب قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 2026 میں ایئر ٹیکسی سروس باقاعدہ آغاز کرے گی۔

اماراتی حکام کے مطابق جابی کے تیار کردہ عمودی اڑان اور روایتی پروں والی پرواز والا ماڈل نے مرغم کے صحرا میں مختلف نوعیت کی آزمائشی پروازیں کیں، جن میں ایک ہی مقام پر اڑان بھرنا اور زمین پر لینڈنگ کے علاوہ دو مقامات کے درمیان پروازیں بھی شامل تھیں.

کمپنی کے مطابق ایک آزمائشی پرواز میں الیکٹرک ایئر ٹیکسی نے مرغم سے ال مکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے تک صرف 17 منٹ میں سفر طے کیا۔ یہ تجربات ایک تربیت یافتہ پائلٹ کی موجودگی میں کیے گئے، جس نے عمودی پرواز اور روایتی وِنگ فلائٹ دونوں مراحل کو کامیابی سے مکمل کیا۔

دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور جابی کے درمیان چھ سالہ معاہدہ پہلے ہی طے پا چکا ہے، جس کے تحت شہر میں ورٹی پورٹس قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ ایئر ٹیکسیوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف میں سہولت فراہم کی جا سکے، ان ورٹی پورٹس کی تعمیر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ڈاؤن ٹاؤن اور دیگر مرکزی مقامات پر جاری ہے۔

ماہرین کے مطابق مکمل طور پر الیکٹرک ایئر ٹیکسی نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ دبئی جیسے مصروف شہر میں سفری دباؤ کم کرنے اور ٹریفک کے متبادل کی فراہمی میں انقلابی کردار ادا کرے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ دبئی کو مستقبل کی اسمارٹ ایئر موبیلٹی کا عالمی مرکز بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔