جیکب آباد میں پارہ 52 ڈگری تک پہنچ گیا، گرم لو کے باعث شہر سنسان، درجنوں لوگ بے ہوش ہوگئے، شہر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، پانی اور برف کی قلت، لوگ بلبلا اٹھے۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی
جیکب آباد میں پارہ 52 ڈگری تک پہنچ گیا، گرم لو کے باعث شہر سنسان، درجنوں لوگ بے ہوش ہوگئے، شہر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، پانی اور برف کی قلت، لوگ بلبلا اٹھے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز جیکب آباد ملک کا گرم ترین مقام رہا درجہ حرارت52 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ گرم لو چلنے کے باعث شہر کی مارکیٹیں اور سٹرکیں سنسان ہوگئی ہیں اور کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، شدید گرمی کے باعث درجنوں لوگوں کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ شہر میں سماجی تنظیموں کی جانب سے لوگوں کو گرمی سے بچانے کے لیے ٹھنڈے پانی کی سبلیں قائم کی گئی ہیں، شہر میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے شہری علاقوں میں 16 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 20 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے لوگ شدید اذیت کا شکار ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہر میں پینے کے پانی اور برف کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں، جیکب آباد میں کام کرنے والی سماجی تنظیم کمیونٹی ڈولپمنٹ فاؤنڈیشن کے جان اوڈھانو نے بتایا کہ جیکب آباد میں اس وقت شدید گرمی کی لہر چل رہی ہے گرمی سے بچنے کے لیے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوگی، سماجی رہنما کے مطابق موسمی تبدیلی کے باعث ہر سال گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے موسمی تبدیلی نے نمٹنے کے لیے ہمیں درخت لگانا ہونگے تاکہ آئندہ سالوں میں ہم گرمی کی شدت سے بچ سکیں، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گرمی سے شدت سے بچنے کے لیے دن کے گرم ترین وقت میں باہر جانے سے گریز کریں اگر ہو سکے تو سخت جسمانی سرگرمی سے پرہیز کریں لیکن اگر ایسی سرگرمیاں ناگزیر ہوں تو انہیں دن کے نسبتاً ٹھنڈے وقت میں کریں سورج سے بچنے کے لیے چھتری کا استعمال ضرور کریں، پانی ہر وقت اپنے ساتھ رکھیں اور وقفے وقفے سے پیتے رہیں اگر او آر ایس ملا لیں تو زیادہ بہتر ہو گا تاکہ جسم میں نمکیات اور پانی کی کمی با آسانی پوری ہو جائے، گھر سے باہر جاتے ہوئے سر کے اوپر ہلکا ٹھنڈا کپڑا رکھ لیں تو زیادہ بہتر ہے۔

جیکب آباد:رپورٹ جیکب آباد میں سنگین مقدمات میں گرفتار 2 ملزمان تھانے سے فرار، غفلت برتنے پر ایس ایس پی سلیم شاہ نے اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کر دئیے
تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے مولاداد تھانہ پر سنگین مقدمات میں گرفتار دو ملزمان تھانے سے فرار ہوگئے ہیں، پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ مولاداد پر ڈکیتی، پولیس مقابلے سمیت دیگر مقدمات میں ملوث دو ملزمان یار محمد گلوانی اور امتیاز گلوانی تھانے سے فرار ہوگئے ہیں، ملزمان کے فرار ہونے پر ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے افسران کو دوبارہ ملزمان کو گرفتار کرنے سمیت غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔