بابر اعظم ٹیم کیساتھ وطن واپس نہیں آئیں گے


قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹیم کے ساتھ وطن واپس نہیں آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق، بابر اعظم سمیت 6 کرکٹرز امریکا میں کچھ دن قیام کریں گے اور 22 جون کو پاکستان واپس روانہ ہوں گے۔

بابر اعظم کے علاوہ، عماد وسیم ، محمد عامر، حارث رؤف، شاداب خان اور اعظم خان امریکا میں قیام کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑی پیر کی رات میامی سے وطن واپسی کا سفر شروع کریں گے۔

قومی کرکٹرز دبئی سے مختلف پروازوں پر اپنے اپنے شہروں کو روانہ ہوں گے، تمام کھلاڑی 19 جون کی علی الصبح پاکستان پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی ، پاکستان کو پہلے راؤنڈ کے دو میچز میں شکست ہوئی۔

فلوریڈا میں آئر لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ مقابلے میں جیت کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پہلے مجھے لگا، تو قیادت چھوڑ دی تھی، پھر کپتانی اس لئے قبول کی کیونکہ بورڈ نے کہا تھا۔

کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم نے پوسٹ میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ ناک آؤٹ مرحلے میں جانے کا بے حد افسوس ہے، مگر شکست کا ذمہ دار کسی ایک کھلاڑی کو قرار نہیں دیا جا سکتا، ہم بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے۔

اپنی کپتانی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے بابر اعظم نے تسلیم کیا کہ ورلڈ کپ میں توقعات پر پورا نہیں اترے۔

بابر اعظم نے کہا کہ میں ٹیم کا لیڈر تھا، ٹیم کی ناکام اور خراب پرفارمنس کو تسلیم کرتا ہوں ، کپتانی کے سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ بورڈ کے چیئرمین سے جاکر ملاقات کروں گا۔ ناقص کارکردگی پر گفتگو ہوگئی، قیادت چھوڑنا پڑی تو فیصلہ کروں گا، لیکن جو بھی کروں گا، سب کے سامنے کروں گا، ڈر کر نہیں کروں گا۔