)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اختر سعید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج بحریہ ٹاؤن کے پانچویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اختر سعید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج بحریہ ٹاؤن کے پانچویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی-کانووکیشن میں پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر نادیہ نسیم، چیئرمین اختر سعید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ڈاکٹر فاروق سعید خان، کو چیئرمین فریحہ فاروق، پرنسپل پروفیسر ندیم حفیظ بٹ، پروفیسر عالم درانی، پروفیسر عیس محمد، پروفیسر عاطقہ، پروفیسر ناہید، پروفیسر لئیق، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات سمیت والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔پرنسپل پروفیسر ندیم حفیظ بٹ نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے کانووکیشن میں خوش آمدید کہا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نمایاں طلباء و طالبات کے درمیان گوکڈ میڈلز و تعریفی اسناد تقسیم کیں۔کانووکیشن کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور قومی ترانہ سے کیا گیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اختر سعید میڈیکل کالج کے پانچویں کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج سعید اختر میڈیکل کالج کے تمام 150 فریش گریجوایٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتا ہوں۔ فریش گریجوایٹس کے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔ سعید اختر میڈیکل کالج گزشتہ پندرہ برسوں سے طبی دنیا میں خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ والدین نے کتنی محنت کرکے بچوں کو آج کامیابی کے اس مقام تک پہنچایا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فریش گریجوایٹس کیلئے آج کانووکیشن کا دن بہت اہم ہے۔ اپنے استاد میاں شہباز شریف سے خدمت انسانیت بارے بہت سیکھا ہے۔ شعبہ صحت کی بہتری وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔ ڈاکٹری ایک انتہائی با عزت شعبہ ہے۔ ہمارے ڈاکٹرز پاکستان سمیت پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ شعبہ صحت میں میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ میرٹ کے بغیر ہمارا پیارا ملک پاکستان نہیں چل سکتا۔ حال ہی میں سو فیصد میرٹ پر 24 ہسپتالوں کے ایم ایس تعینات کئے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ بے عزتی کا باعث بننے والے عناصر کی نشاندہی کرکے محکمہ صحت سے فارغ کیا جا رہا ہے۔ تمام بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کی ری ویمپنگ کرنے جا رہے ہیں۔حکومت پنجاب صحت کارڈ کو جلد بہتر شکل میں لانچ کرے گی۔ ہمارے فریش گریجوایٹس کو بہترین ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی بننا چاہئے۔
پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر نادیہ نسیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ آج فریش گریجوایٹس نے اپنے والدین کو سرخرو ہو کر دیکھایا ہے۔ ہمارے رول ماڈل نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں۔ آج کے فریش گریجوایٹس پر اس ملک کا قرض ہے۔ اس موقع پر چیئرمین ڈاکٹر فاروق سعید خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق و دیگر مہمانوں کو کانووکیشن میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ہسپتال میں چودہ فیلو شپس پہلے ہی منظور شدہ ہیں۔ میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔