محبت کی شادی کرنے والا جوڑا تحفظ کے لیے ڈسٹرکٹ پریس کلب پہنچ گیا،

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
محبت کی شادی کرنے والا جوڑا تحفظ کے لیے ڈسٹرکٹ پریس کلب پہنچ گیا، ہم نے اپنی مرضی سے محبت کی شادی کی ہے، ہمارے رشتہ دار ہمیں نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، حنا گھلو ہمارے بیگناہ رشتہ داروں کو تھانہ سکھن کراچی پولیس کراچی تنگ کررہی ہے، ہم نے سکھر کی عدالت میں نکاح کیا ہے ، جاوید چانڈیو
تفصیلات کے مطابق شادی شدہ جوڑے حنا گھلو اور نوجوان جاوید چانڈیو نے ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد پہنچ کر صحافیوں کے سامنے دہائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے رشتیداروں کو گرفتار کیا گیا ہے اور ہماری جان کو بھی خطرہ ہے، انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور گرفتار افراد کو رہا کرکے انصاف کیا جائے ، حنا گھلو کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے والدین کے گھر سے تین کپڑوں میں نکل کر جاوید چانڈیو سے شریعت محمدی کے مطابق نکاح کیا ہے ، دشمن عناصر میرے والدین کو غلط گائیڈ کرکے ہمیں نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ، ہم دونوں میاں بیوی ہیں بغیر کسی دباؤ کے نکاح کیا ہے ، ہم اپنا برا اور بھلا سب جانتے ہیں ، میں اعلیٰ حکام سے اپیل کرتی ہوں کہ ہمیں تحفظ فراہم کرکے انصاف کیا جائے تاکہ ہم پر سکون زندگی گزار سکیں ۔
جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں سود خوری کے مکروہ دھندے نے کئی گھر اجاڑ دئیے، ہزاروں سرکاری ملازمین اور سفید پوش سودخوروں کے شکنجے میں جکڑے ہوئے، سرکاری ملازمین کے اے ٹی ایم اور چیک بکس بھی سود خوروں کے قبضے، پولیس خاموش تماشائی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں سودخوری کے گھناؤنے دھندے نے ہزاروں خاندانوں کو اجاڑ دیا ہے سود خور سرعام اپنا مکروہ دھندا جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ پولیس سود خوروں کی معلومات ہونے کے باوجود ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کررہی جس کی وجہ سے اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد دیدا دلیری سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، ملنے والی اطلاعات کے مطابق سود خوروں نے ہزاروں سرکاری ملازمین کی دستخط شدہ چیک بکس، اے ٹی ایم کارڈ سمیت سفید پوش افراد کے املاک، زرعی زمینوں کی دستاویزات کو اپنے قبضے میں لے رکھا ہے جس کی بنیاد پر وہ لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، سود خور سرکاری ملازمین کی تنخواہیں خود جاکر بینک اور اے ٹی ایم سے نکلوا لیتے ہیں اور کوئی ان سے پوچھنے والا نہیں سود خوروں کے چنگل میں پھنسے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں، دوسری جانب شہری جب سودخوروں کی شکایات لیکر پولیس کے جاتے ہیں تو پولیس ان کی مدد کرنے کے بجائے سود خور وں کے ساتھ ملی بھگت کرکے متاثرہ شخص کو ہی گرفتار کرلیا جاتا ہے، جیکب آباد میں چند سال قبل پولیس نے سودخوروں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کیا تھا لیکن سود خور اتنے بااثر ہیں کہ پولیس بھی ان کے خلاف کاروائی کرنے سے کترارہی ہے۔ جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ جیکب آباد ضلع میں سود کا مکروہ دھندا سرعام چل رہا ہے لیکن ان کے خلاف کاروائی کرنے کے لیے کوئی تیار نہیں سودخوری کی وجہ سے ہزاروں خاندان تباہ ہوچکے ہیں اور ہزاروں لوگوں کی کروڑوں کی املاک پر بھی سود خوروں کا قبضہ ہے، انہوں نے کہا کہ سود خوری کے گھناؤنے دھندے کو روکنے کے لیے پولیس کو کردار ادا کرنا ہوگا اور سودخوروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرنا ہوگا تاکہ مزید خاندانوں کو اس تباہی سے بچایا جاسکے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
شکارپور سے اغوا ہونے والے جیکب آباد کے باپ اور بیٹے کی زنجیروں میں جکڑے ویڈیو جاری، مغویوں کی حکومت اور ورثہ سے رہائی کی اپیل۔ تفصیلات کے مطابق شکارپور کی حدود سے 14 روز قبل اغوا ہونے جیکب آباد کے رہائشی جیل پولیس اہلکار فیروز بروہی اور اس کے والد اسکول ٹیچر سہیل بروہی کی ڈاکوؤں نے زنجیروں میں جکڑ کر ویڈیو جاری کردی ہے ویڈیو میں پرائمری اسکول ٹیچر سہیل بروہی کی حالت انتہائی غیر نظر آرہی ہے جبکہ ڈاکو مغویوں پر اسلحہ تانے ہوئے ہیں، ویڈیو میں مغوی جیل پولیس اہلکار فیروز بروہی کا کہنا ہے کہ میرے والد سہیل بروہی کو ڈاکوؤں نے ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کردیا ہے میرا والد شگر کا مریض ہے جس کی وجہ سے اس کی حالت انتہائی خراب ہے، ڈاکو ہمیں مسلسل تشدد کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں مغوی کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی شکارپور عرفان سموں ہماری بازیابی کے لیے سنجیدہ نہیں انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی پولیس اور جیکب آباد کے منتخب نمائندوں سمیت اپنے ورثہ سے اپیل کی کہ انہیں بازیاب کرایا جائے، ڈاکوؤں کی جانب سے مغویوں کی بازیابی کے لیے 70 لاکھ روپے تاوان طلب کرنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جمعیت علماء اسلام ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا ہے کہ انجینئرڈ الیکشن کے خلاف، سول بالادستی، قبلہ اول اور ختم نبوت کی ترجمانی کے لیے 2 مئی کو مزار قائد کراچی میں عوامی اسمبلی ملین مارچ میں شرکت کے لیے بھرپور تیاری کی گئی ہے جیکب آباد ضلع سے دو سو گاڑیوں کا بڑا قافلہ یکم مئی کو ضلع کے مختلف شہروں اور گاؤں سے کراچی کے لئے روانہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد حیدر کرار جیکب آباد میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملین مارچ میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت ملک کے نامور علما، ادیب اور دانشور شرکت کررہے ہیں، جس میں آئینی اور جمہوری راستے سے دھاندلی کو بے نقاب کرینگے اور بتائیں گے کہ ملک میں جمہوری نظام کو کون تباہ کررہا ہے۔

جیکب آباد : رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں لاپتہ ہونے والی جواں سالہ لڑکی کے والد کاپریس کلب کے سامنے احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے سول لائن تھانہ کی حدود سے ڈیڑھ ماہ قبل لاپتہ ہونے والی 23 سالہ فرزانہ لاشاری کے مبینہ اغوا کے خلاف والد محمد رمضان لاشاری نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ ماہ قبل میری بیٹی گھر سے بازار کی طرف گئی لیکن واپس نہیں آئی جس کے کچھ روز بعد ایک نامعلوم نمبر سے کال آئی کہ آپ کی بیٹی ہمارے پاس ہے آپ اپنے کسی بڑے کا نمبر دیں جس پر ہم نے انہیں نمبر دیا لیکن انہوں نے پھر رابطہ نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ پولیس میری بیٹی کو بازیاب کرانے میں کوئی مدد نہیں کررہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ میری بیٹی کو بازیاب کرایا جائے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں اتفاقی گولی لگنے سے نوجوان زخمی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود گاؤں شاہل جمالی میں 15 سالہ نوجوان گلزار جمالی پسٹل صاف کرتے ہوئے اتفاقی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جیسے زخمی حالت میں سول اسپتال جیکب آباد منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد دیکر لاڑکانہ منتقل کردیا گیا۔