وزیر اعظم ریڈ کارپٹ سے ناخوش۔


وزیر اعظم کا سرکاری تقریبات میں سرخ قالین کے استعمال پر اظہار برہمی

وزیر اعظم نے تمام سرکاری تقریبات میں پروٹوکول کے لیے بچھائے گئے سرخ قالین پر پابندی عائد کر دی

صرف سفارتی تقریبات میں پروٹوکول کے سرخ قالین کے استعمال کی اجازت ہو گی_ نوٹیفکیشن جاری
==================

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد کی ملاقات
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں ناز آفرین سہگل، سرمد علی، مجیب الرحمٰن شامی، شہاب زبیری، محمد اطہر قاضی، سید منیر جیلانی ، محسن بلال، مہتاب خان اور فیصل زاہد ملک شامل تھے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔

وفد نے منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اے پی این ایس کی نو منتخب پینل کو مبارکباد پیش کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بہت مشکل حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے. انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی ہمارا سب سے بڑا چیلنج اور حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے وفد کو حکومت کی معیشت کی بحالی کی کوششوں اور حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ محصولات کی وصولی کے نظام کو جدید بنانے کے حوالے سے لائحہء عمل تیار کیا جا رہا ہے؛ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کی جا رہی ہے اور ٹیکس بیس میں اضافے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ ان کو مزید کہنا تھا کہ 2 ہزار ارب روپوں سے زائد کے محصولات کے مقدمات عدالتوں اور ٹریبیونلز میں زیر التواء ہیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ حال ہی میں حکومت نے ٹیکس ایکسی لینس ایوارڈز کا انعقاد کیا جس کا مقصد اچھے ٹیکس دہندگان ، برآمد کنندگان اور خواتین اینٹرپرئنیورز کی حوصلہ افزائی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اربوں روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے جس کی روک تھام کے لیے ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ اپنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات ، اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری اور کفایت شعاری حکومتی ترجیحات ہیں ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی ۔

وزیراعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پریس یقینی طور پر ریاست کا چوتھا ستون ہے؛ معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں پریس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس یقینی بنانے اور عوام کو آگاہی کی فراہمی میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں بھی پرنٹ میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت معاشی استحکام کے۔ ثمرات عوام تک پہنچانے میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیک نیوز بہت بڑا چیلنج بن چکی ہے جس کے تدارک کے لیے حکومت اور میڈیا کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پریس کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔

وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ صحافی برادری زمہ دارانہ اور غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ وزیراعظم نے وفد کے شرکاء سے کہا کہ صحافی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے ۔

وزیراعظم نے وفد کو صحافی برادری کیلو درپیش تمام مشکلات حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو ان کی زمہ داریاں نبھانے میں جہاں جہاں حکومت کی مدد درکار ہوگی ہم اس حوالے سے ان کا بھرپور ساتھ رہیں گے۔
====================

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا انسداد سمگلنگ سے متعلق اجلاس سے خطاب
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات پر کسی بھی قسم کا سیاسی اور انتظامی دباو برداشت نہیں کریں گے۔اپنے عزم و ہمت سے چیلنجز پر قابو پائیں گے۔اسلام آباد میں اسمگلنگ کے خاتمے کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا وفاق اور چاروں صوبائی حکومتوں کو یکسو ہو کام کرنا ہو گا۔