صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ فارما سوٹیکل انڈسٹری کے معیار کی بہتری کے لئے ہمارے ماہرین اپنی سروسز دینے کے لئے ہر وقت تیار ہیں،


لاہور(جنرل رپورٹر )صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ فارما سوٹیکل انڈسٹری کے معیار کی بہتری کے لئے ہمارے ماہرین اپنی سروسز دینے کے لئے ہر وقت تیار ہیں، فارما انڈسٹری اور پروڈکٹس کی بہتری کے لئے ان کے نمائندوں سے باقاعدہ رابطہ رکھا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے پنجاب کوالٹی کنٹرول بورڈ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز میں بورڈ کے معاملات، ورکنگ اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ڈرگز کنٹرول محمد سہیل اور سیکرٹری پی کیو سی بی ڈاکٹر منور حیات نے بریفنگ دی۔بورڈ کے اراکین، ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگ کنٹرول قلندر خان، پی پی ایم اے کے نمائندہ اور دیگر ماہرین نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت کا کہنا کہ ماہرین کی ٹیم جلد تشکیل دی جائے گی جو فارما انڈسٹری کی مشاورت سے پروڈکٹس کے معیار کی بہتری کے لئے کام کرے گی۔انہوں نے فارما انڈسٹری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پروڈکٹس کی ٹیسٹنگ کے لئے ہماری ڈی ٹی ایل لیبز سے استفادہ کرے۔ فارما انڈسٹری کے فروغ، پروڈکٹس کے معیار کے لئے ہمارے ماہرین ہر وقت حاضر ہیں، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ جعلی ادویات کی تیاری اور فروخت پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ فارما انڈسٹری کے اعتماد کی بحالی کے لئے ٹرسٹ بلڈنگ کمیٹی جلد قائم کی جائے گی۔خواجہ عمران نذیر کا کہنا کہ ہماری پروڈکٹس کا معیار اتنا بلند ہونا چاہیے جس کو عالمی سطح پر اعتماد اور پزیرائی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پی کیو سی بی میں سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے گا، خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی کہ ڈرگ انسپکٹرز اور پی کیو سی بی میں زیر التوا کیسز کو جلد نمٹائے جائیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ڈرگ کنٹرول ونگ اور پی کیو سی بی کی کارکردگی کو سراہا۔