یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کی طلباء سوسائٹیز ICE UET اور کلائمیٹ ایکشن فورم نے مشترکہ طور پر عالمی یوم آب 2024 کے موقع پر “واٹر فار پیس” کے موضوع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔

لاہور (جنرل رپورٹر ) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کی طلباء سوسائٹیز ICE UET اور کلائمیٹ ایکشن فورم نے مشترکہ طور پر عالمی یوم آب 2024 کے موقع پر “واٹر فار پیس” کے موضوع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ لاہور واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) طیب ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور حاضرین سے خطاب کیا۔ مزید برآں چیئرمین سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) پروفیسر ڈاکٹر نور محمد خان، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز پروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر، اور ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف انوائرمنٹل انجینئرنگ اینڈ ریسرچ (IEER) پروفیسر ڈاکٹر عامر اخلاق نے بھی بطور مہمان مقرر شرکت کی۔

تقریب کا مقصد حاضرین کی توجہ پانی کی بڑھتی ہوئی قلت کی جانب مبذول کرانا اور میٹھے پانی کے وسائل کے انتظام کے لیے آگہی دینا تھا۔

طیب ملک نے اپنی تقریر اور فکر انگیز پینل ڈسکشن کے ذریعے سامعین کو پاکستان میں پانی کے بحران کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا نیز اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے واسا کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا احاطہ بھی کیا۔ ڈاکٹر عامر اخلاق نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث رونما ہونے والی پانی کی آلودگی اور قلت کے مسئلے پر گفتگو کی۔اسی طرح ڈاکٹر نور محمد خان کھیتی باڑی اور عمارتی ڈھانچوں پر آلودہ پانی کے اثرات زیر بحث لائے۔ مزید برآں، پروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر نے گندے پانی کے علاج میں ممبرین پر مبنی ٹیکنالوجی کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں پوسٹر اور ویڈیو مقابلہ جات بھی تقریب کا حصہ تھے۔ پانی کے جاری بحران کے حوالے سے UET کے طلباء کی ذہن سازی کی ڈگری کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے کے لیے، QR کوڈ سکیننگ فارم بھی ڈسپلے کیا گیا۔ ٹرانسپورٹیشن سیمینار ہال میں تقریب تقسیم انعامات بھی منعقد ہوئی جس میں ویڈیو اور پوسٹر دونوں مقابلوں کے فاتحین اور رنر اپ کو سرٹیفکیٹ اور انعامات سے نوازا گیا۔ آخر میں معزز مہمانوں کو سووینئرز بھی پیش کیے گئے۔