گورنر اسٹیٹ بینک نے پاکستان اور جاپان کے درمیان اشتراک کو فروغ دینے کے لیے جاپانی برتنوں کی نمائش کا افتتاح کر دیا

گورنر اسٹیٹ بینک نے پاکستان اور جاپان کے درمیان اشتراک کو فروغ دینے کے لیے جاپانی برتنوں کی نمائش کا افتتاح کر دیا

کیپشن: گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جناب جمیل احمد، ڈپٹی گورنر جناب سلیم اللہ اور جاپانی قونصل جنرل جناب ہوتاری مسارو اور دیگر کی 25 جنوری 2024ء کو اسٹیٹ بینک میوزیم میں ’’یاکی شائم ۔ زمین کی ساخت میں تبدیلی‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی نمائش میں شرکت۔

25 جنوری 2024ء

بینک دولت پاکستان کے گورنر جناب جمیل احمد نے اسٹیٹ بینک میوزیم میں جاپانی برتنوں کی نمائش ’یاکی شائم ۔ زمین کی ساخت میں تبدیلی ‘کا افتتاح کیا۔ اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر جناب سلیم اللہ اور بینک کی سینئر مینجمنٹ بھی اس موقع پر موجود تھی۔ جاپان فاؤنڈیشن کی یہ نمائش دو ہفتوں تک جاری رہے گی اور یہ کراچی میں جاپانی قونصلر جنرل کی جانب سے پاکستان اور جاپان کے درمیان ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔ اس سال یہ نمائش اسٹیٹ بینک میوزیم اور پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ نے مشترکہ طور پر منعقد کی ہے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جناب جمیل احمد نے اس بات کو اجاگر کیا کہ جاپانی ثقافت سے بالعموم اور خصوصاً جاپان کی سرامک ثقافت سے پاکستانی عوام کو ہمیشہ دلچسپی رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقافتی تبادلے اور عوام کے عوام سے رابطے ممالک کے درمیان مفاہمت اور خیرسگالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان 1957ء میں طے پانے والے ثقافتی سمجھوتے کو دوطرفہ روابط میں بنیادی حیثیت حاصل ہے اور اس میں دونوں ملکوں کے مابین ثقافتی روابط کو وسعت دینے اور گہرا کرنے کی بنیاد فراہم کی گئی ہے۔

دونوں ممالک کے مالی اداروں کے درمیان تاریخی اشتراک کو سراہتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے آگاہ کیا کہ بینک آف ٹوکیو کی تیسری اوورسیز برانچ 1953ء میں کراچی میں کھولی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اشتراک سے تجارت اور سرمایہ کاری کوتقویت دینے اور ان میں سہولت کے علاوہ مالی نظاموں کی معلومات، بہترین روایات اور ضوابطی فریم ورکس کے تبادلے میں مدد مل سکتی ہے۔

جاپان کے قونصل جنرل جناب ہوتاری مسارو نے پاکستانی سامعین کی جانب سے جاپانی ثقافت میں دلچسپی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے قونصلیٹ کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جاپانی ثقافتی پروگراموں کو متعارف اور کیوریٹ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ نمائش 07 فروری 2024ء تک جاری رہے گی اور اس میں سرامکس کی تکنیک یاکی شائم (yakishime) کو متعارف کرایا گیا ہے، جس میں بلند درجہ حرارت پر کچے برتنوں کو حرارت دی جاتی ہے۔ ابتدا سے لے کر ہم عصر کام سمیت یاکی شائم کے 80 سے زیادہ نمونوں پر مشتمل یہ نمائش پاکستان کے عوام کو موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ جاپان کی منفرد حساسیت اور جمالیات سے آگاہی حاصل کریں۔ برتنوں کی نمائش کے ساتھ جاپان کی خطاطی، indigo dye، اوریگامی اور برتنوں کے متعلق لیکچرز اور ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی۔ جاپانی کیلنڈر کی سالانہ نمائش بھی اسی مقام پر 26 جنوری تا 07 فروری 2024ء کے دوران منعقد کی جائے گی۔

اس نمائش میں سفارت کاروں، بینکاروں، فن میں دلچسپی رکھنے والے افراد اور شہر کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ یہ نمائش عوام کے لیے جاری ہے ، جس میں داخلہ مفت ہے اور 25 جنوری تا 07 فروری 2024 ء تک اسے دیکھا جا سکتا ہے۔ نمائش اور دیگر سرگرمیوں کے لیے مزید معلومات قونصلیٹ کی ویب سائٹ اور فیس بک پیج پر دستیاب ہے۔
***

https://www.youtube.com/watch?v=ak0DHASC