امریکہ کے اسپتالوں میں ہونے والی اموات سے متعلق ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وہاں کے اسپتالوں میں 11 فیصد اموات طبی وجوہات کی بنیاد پر نہیں بلکہ دیگر وجوہات کی بنیاد پر ہوتی ہیں۔ اس قسم کی دیگر وجوہات طلبہ و طالبات کی جانب سے بنائے گئے ہیلتھ انوویشن آئیڈیاز سے کم کی جا سکتی ہیں،

کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (ڈی یو ایچ ایس) کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا ہے کہ امریکہ کے اسپتالوں میں ہونے والی اموات سے متعلق ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وہاں کے اسپتالوں میں 11 فیصد اموات طبی وجوہات کی بنیاد پر نہیں بلکہ دیگر وجوہات کی بنیاد پر ہوتی ہیں۔ اس قسم کی دیگر وجوہات طلبہ و طالبات کی جانب سے بنائے گئے ہیلتھ انوویشن آئیڈیاز سے کم کی جا سکتی ہیں، جیسے کہ یہاں ماحولیاتی آلودگی وغیرہ کے پروجیکٹس پیش کیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ڈی یو ایچ ایس اور (این آئی بی) نیشنل آئیڈیا بینک کے اشتراک سے منعقدہ سالانہ ہیلتھ انوویشن ایگزی بیشن کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں پروفیسر محمد سعید قریشی نے ربن کاٹ کر نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر پرووائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین، ڈاؤ میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر صبا سہیل، ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر زیبا حق، چیف آرگنائزر پروفیسر کاشف شفیق و دیگر فیکلٹی بھی موجود تھی۔ پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ طلبہ و طالبات کی جانب سے نیشنل آئیڈیا بینک کو دیے گئے تخلیقی، دریافتی اور ایجاداتی پروجیکٹس کے نتیجے میں مقابلے کا تعمیری رجحان جنم لے گا اور مختلف معاشرتی مسائل کے لیے پیش کیے گئے حل سے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کی جانب سے پیش کیے گئے آئیڈیاز صرف کسی ایک شعبے تک محدود نہیں بلکہ مختلف شعبوں میں پیش کیے گئے ہیں اور ان آئیڈیاز کو تجرباتی مراحل سے گزار کر تجارتی بنیادوں پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ پروفیسر محمد سعید قریشی کا کہنا تھا کہ نیشنل آئیڈیا بینک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ طلبہ و طالبات اس بینک میں اپنے آئیڈیاز زیادہ سے زیادہ لے کر آئیں اور اپنے دیگر طالب علم ساتھیوں کو بھی اس کی طرف راغب کریں تاکہ آئیڈیاز میں انفرادیت پیدا ہو سکے۔

پروفیسر کاشف شفیق نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی نے اپنے ساتھ دو مزید جامعات کو ملاکر اس کامیاب ہیلتھ انوویشن نمائش کا انعقاد کیا ہے ۔ ۔۔تقریب کے آخر میں پروفیسر محمد سعید قریشی نے آرگنائزرز کو شیلڈز پیش کیں جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین نے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی کو گلدستہ بھی پیش کیا۔
=====================

https://www.youtube.com/watch?v=ak0DHASC