پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام 76ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب پیر کے روز منعقد ہوئی-

لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام 76ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب پیر کے روز منعقد ہوئی- ترجمان کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن (PIE)، سیکٹر G-8/1، اسلام آباد کے دفتر میں منعقدہ تقریب کی صدارت ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد شاہد سرویا نے کی جبکہ پی آئی ای کے افسران ملازمین و دیگر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان انسٹیٹیوٹ اف ایجوکیشن( پی آئی ای) محمد شاہد سرویا نے کہا کہ یہ دن مادر وطن کے حصول کے لیے قائد اعظم کی قیادت میں لاتعداد قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ آج نظریہ پاکستان کی بقا اور مثالی فلاحی ریاست کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد شاہد سرویا نے کہا کہ ہمیں قیام پاکستان کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے، ہمیں ملک کی خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہیے،قائدِ اعظم کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے تاریخی جدوجہد کے بعد آزادی حاصل کی،14 اگست کا دن ہمیں خود شناسی کا موقع فراہم کرتا ہے، ہم بابائے قوم کے وژن کے مطابق خوشحال پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کی تجدید کریں اور پاکستان میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں -انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھنے پر بھی زور دیا اور کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد شاہد سرویا نے پس منظر میں قومی ترانے کی دھن کے ساتھ قومی پرچم لہرایا، پی آئی ای کے احاطے میں پودا لگایا اورملک کی خوشحالی، سالمیت اور یکجہتی کے لیے دعا کی۔
=================================