بزنس کمیونٹی کی مشکل حالات کے باوجود پاکستان سے محبت کم نہیں ہوئی، فراز الرحمان جی ایف ایس پارک اور فائر اسٹیشن کا ویژن مرحوم ایس ایم منیر کا ہے، سی ای او عرفان واحد کاٹی میں 76 ویں جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی، کیک کٹنگ اور جی ایف ایس پارک کی افتتاحی تقریب

کراچی ( )14 اگست جشن آزادی محض ایک دن نہیں ہے بلکہ تحریک پاکستان کےشہداء، مجاہدین کے بے مثال جذبہ قربانی کا پیغام بھی ہے۔ ہمیں قیام پاکستان کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے پیارے وطن پاکستان اور وطن میں بسنے والے عوام کی فلاح و بہبود ، ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرنا چاہیے۔یہ بات کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے صدر فراز الرحمان نے کاٹی /جی ایف ایس پارک کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب میں کاٹی کے نائب سرپرست اعلی زبیر چھایا، جی ایف ایس بلڈرز کے سی ای او عرفان واحد، کاٹی کی سنیئر نائب صدر نگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی،سابق صدور سلیم الزماں، شیخ عمر ریحان، فرحان الرحمان، گلزار فیروز، دانش خان، ملک خدا بخش، جوہر قندھاری، غضنفر علی خان، سری لنکا کے قونصل جنرل جگتھ ابے ورما، انڈونیشیا اور روس کے قونصل جنرل ، ایس ایس پی کورنگی طارق نواز و دیگر معروف تاجر و صنعتکاربھی موجود ہیں۔فراز الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بڑی مشکل اور تکلیفوں سے حاصل کیا گیا ہے، ہمیں اپنے وطن کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹی میں شیخ عمر ریحان نے 14 اگست کی تقریب کی روایت ڈالی جسے دانش خان اور سلیم الزماں نے بھی جاری رکھا۔ کاٹی کی تقریب میں بڑی تعداد میں لوگوں کا آنا ان کی محبت کا ثبوت ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و کامرانی میں بزنس کمیونٹی کا اہم کردار ہے، تاجر و صنعتکاروں کی مشکل حالات کے باوجود پاکستان سے محبت کم نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں ہمیں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ ہمیں کوشش کرنی ہے کہ معاشی ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈالیں۔ فراز الرحمان نے کہا کہ ہمارے اباؤاجداد نے عظیم قربانیوں سے وطن حاصل کیا، میرے والد حاجی فضل الرحمان نے کاٹی کی بنیاد رکھی، ان کے انتقال کے بعد ایس ایم منیر بھائی جان نے کاٹی کو بلندی پر پہنچایا۔جی ایف ایس بلڈرز اینڈ ڈویلیرز کے چیف ایگزیکٹو عرفان واحد نے کاٹی کے صدر فراز الرحمن کے ساتھ جی ایف ایس/کاٹی پارک فیز ون میں فائر بریگیڈ اسٹیشن کا افتتاح کردیا۔ کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے جانب سے پاکستان کی 76 ویں جشن آزادی کے موقع پر منعقدہ پرچم کشائی اور کیک کٹنگ کی تقریب میں جی ایف ایس بلڈرز کے سی ای او عرفان واحد نے کہا کہ پارک اور فائر اسٹیشن کا ویژن مرحوم پیٹرن انچیف ایس ایم منیر کا ہے، مستقبل میں کاٹی کے ساتھ مل کر مزید منصوبوں پر کام کا آغاز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خوشیاں منانے کا دن یوم آزادی سے بڑھ کر کوئی دوسرا دن نہیں ہوسکتا، پاکستان کی ترقی کا سفر جلد شروع ہوگا۔ کاٹی کے نائب سرپرست اعلیٰ زبیر چھایا نے کہا کہ بھائی جان ایس ایم منیر کے الفاظ یاد آتے ہیں کہ پاکستان ہے تو ہم ہے، پاکستان نہ ہوتا تو ہم کسی ہندو بنیے کے منشی ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے گزر رہا ہے، ہمیں اللہ پر یقین ہے کہ پاکستان مشکل حالات سے نکل کر کامیاب ہوگا۔ زبیر چھایا نے کہا کہ عرفان واحد ہمارے محسن ہیں، جی ایف ایس پارک کے فیز ون کا افتتاح کر رہے ہیں۔ حکومت نے ہمیں 6000 گز کی زمین دی جس پر کمیونٹی پارک بنا رہے ہیں جبکہ عرفان واحد کی مالی معاونت سے پارک تیار ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایف ایس کے کمیونٹی پارک کی تعمیر کا یہ پہلا فیز ہے، دوسرے فیز پر کام جاری ہے۔ دو سال پہلے جب کاٹی کو فائر بریگیڈ ملے تو انہیں رکھنے کی جگہ نہیں تھی۔ زبیر چھایا نے کہا کہ کاٹی کا فائر بریگیڈ یہان منتقل کر لیا، ایمپلائیز ویریفیکیشن سسٹم بھی یہاں منتقل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فراز الرحمان بہت انتھک محنت کر رہے ہیں، متعدد بار ان سے کہا ہے کہ فراز الرحمان اپنے کاروبار کو چھوڑ کر کاٹی کے کام بڑھ چڑھ کر کر رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر 76 یوم آزادی پر پرچم کشائی کی گئی اور کیک کاٹا گیا۔

فوٹو کیپشن: کاٹی کے صدر فراز الرحمان، نائب سرپرست اعلیٰ زبیر چھایا 76 ویں جشن آزادی کا کیک کاٹ رہے ہیں، سری لنکا کے قونصل جنرل جگتھ ابےورما، فرحان الرحمان، گلزار فیروز، شیخ عمر ریحان، دانش خان، جوہر قندھاری، ملک خدا بخش و دیگر بھی
===========================