”آرپار“بااختیار خواتین اور سرحدپار دوستی جیسے اہم موضوع پر بنائی گئی آٹھ انٹرنیشنل فلم فیسٹولز کی ایوارڈیافتہ فلم

لاہور (26جون 2023) پاکستانی فلم” آر پار“ کی کاسٹ اور دیگر عملے نے میڈیا کے ساتھ کامیابی کا جشن منانے اور انہیں اپنی شاندار کامیابی کے پیچھے موجود لوگوں سے ملنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے ایک پرہجوم پریس کانفرنس کا اہتمام کیا۔یاد رہے کہ اس فلم کی کاسٹ اور عملے نے پہلے ہی آٹھ بین الاقوامی فلمی میلوں میں ریکارڈ انٹری حاصل کرکے تادم تحریرپانچ ایوارڈز اپنے نام کرلیے ہیں جبکہ کامیاب ہونے والی دیگرتین کیٹیگریوں کے اعلان کے منتظر ہیں۔


”آر پار “کلاکار انٹرٹینمنٹ کی پروڈکشن ہے ‘جب کہ فلم کے مصنف بین الاقوامی شہرت یافتہ ‘مایہ ناز مصنف مشہود قادری ہیں جنہیں ان کی فلم”ساون“کی بہترین کہانی اور اسکرین پلے پر دس سے زائد ایوارڈز دیئے جاچکے ہیں۔ مشہود قادری کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے پاکستان کی آسکر کمیٹی کی جانب سے انہیں آسکر کے لیے نامزد کیا تھا۔”آر پار“ کی ہدایت کاری کا فریضہ باصلاحیت ڈائریکٹر سلیم داد نے انجام دیا ہے ‘یہ فلم پوری کاسٹ اور عملے کی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس فلم کے جگمگاتے ستاروں میں سدا بہاراداکار معمر رانا‘شامل خان‘ارم اختر‘عکاشہ گل‘ مشہود قادری‘ فرقان احمد‘ ذہاب خان‘ احمد حسن‘ عریض چوہدری اور دیگرشامل ہیں جبکہ معمر رانا کی صاحبزادی رائنا معمر رانا اس فلم میں ڈیبیو کر رہی ہیں۔
تقریب کے آغاز میں میزبان سمیرا نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے فلم کی مرکزی کاسٹ‘پروڈیوسر اور ڈائریکٹر کو اسٹیج پر مدعو کیا۔ بعد ازاں فلم کے اب تک حاصل کئے جانے والے بین الاقوامی ایوارڈز پر مشتمل ایک پریزنٹیشن دکھائی گئی جس کے بعد فلم کی دلچسپ جھلکیوں کو ناظرین کے ساتھ شیئر کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فلم کے مصنف مشہود قادری نے کہا” تنقیدی طور پر سراہی جانے والی یہ فلم ایکشن‘سسپنس اور ڈرامے کا ایک نہایت عمدہ امتزاج ہے جس میں خواتین کو بااختیار بنانے‘نازک رشتوں‘خاص طور پر ازدواجی تعلقات اور وقت کی کسوٹی پر کھڑی دوستی کے مسائل کے حل جیسے معاملات کو نہایت مشاقی سے پیش کیا گیا ہے۔ مجھے اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ فلم” آر پار“ کو نہ صرف انٹرنیشنل فلم فیسٹولز کی جانب سے بہت سے ایوارڈز دیئے گئے بلکہ اس پر گرانقدر تجزیئے اور تبصرے بھی کئے گئے۔ مجھے فخر ہے کہ میں دنیا بھر کو معیاری تفریح فراہم کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہوں۔“
تقریب کے اختتام پر میڈیا ‘کاسٹ اور عملے کے درمیان سوال و جواب کا دلچسپ سلسلہ شروع ہواجس کے بعد ہائی ٹی پیش کی گئی۔

کچھ فلم کے بارے میں:
فلم ”آرپار“کی دلکش کہانی کمال (شامل خان) اور ارمان سنگھ (معمر رانا) کے درمیان سرحدوں کے پار دوستی کے سفر سے شروع ہوکر ان کے خاندان کا احاطہ کرتی ہے۔ کمال اورسارہ (ارم اختر) میاں بیوی ہیں جن کے دو بچے ہیں جبکہ ارمان اورسادہ لوح سونیا(عکاشہ گل) میاں بیوی ہیں جن کی ایک بیٹی ہے۔فلم میں یہ لوگ زندگی کی جانب سے دیئے گئے چیلنجوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے دکھائی دیتے ہیںاور ان تمام مراحل کو انتہائی دلچسپ انداز میں فلمایا گیا ہے۔
فلم ”آر پار“ خواتین کو بااختیار بنانے کی دعویداری کے ساتھ پاکستانی سنیما کی دنیا میں گیم چینجر بننے کا وعدہ بھی کرتی ہے‘ یہ ایک ایسی داستان متعارف کراتی ہے جو کنونشنوں کو چیلنج کرتی ہے اور مباحثوں کو جنم دیتی ہے۔
”آر پار “عید الاضحی کے موقع پر پنجاب کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے ‘ یہ فلم اپنے شائقین کو سینما کے ایک غیر معمولی تجربے کی فراہمی کا وعدہ کرتی ہے۔ اُمید ہے کہ زبردست کہانی‘ فنکاروں کی غیر معمولی پرفارمنس اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسے اہم مسئلے کو اُجاگر کرتے ہوئے فلم”آرپار“ معیاری سینما کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

اُن فیسٹولز کی فہرست جنہوں نے ”آر پار“ کو فاتح قرار دیا ہے یا اسے ایوارڈ ز کے لئے شارٹ لسٹ کیا ہے:

۱ گینگز انٹرنیشنل فلم فیسٹول ‘بیسٹ ویمنز فلم کیٹیگری۔
۲ فائیو کانٹیننٹ انٹرنیشنل فلم فیسٹول ‘ بیسٹ فیچر فلم کیٹیگری۔
۳ سوئیڈن فلم ایوارڈز 2023‘بیسٹ ڈرامہ کیٹیگری۔
۴ پونزا فلم ایوارڈز ‘ بیسٹ فیچر فلم کیٹیگری۔
۵ کلکتہ انٹرنیشنل کلٹ فلم فیسٹول‘ فلم آن ویمن کیٹیگری۔
۶ دی اونیروس فلم ایوارڈز‘ بہترین اسکرین پلے کیٹیگری( کوارٹر فائنلسٹ فاتح)
۷ سی کے ایف انٹرنیشنل فلم فیسٹیول – آئی ایم ڈی بی (IMDB)کی فہرست میں شامل ایک فلم فیسٹیول‘بہترین اسکرین پلے کیٹیگری۔
۸ بلغراد انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ‘بہترین اوریجنل اسکرین پلے کیٹیگری۔”