صوبائی دارالحکومت میں پیر کی صبح موسلادھار بارش کی وجہ سے لاہور جنرل ہسپتال کی ملحقہ آبادی میں جمع ہونے والے پانی کو محلے داروں نے نکالنے کیلئے ہسپتال کی عقبی دیوار گرا دی جس کے نتیجے میں پانی کا رخ ہسپتال کی طرف ہو گیا

لاہور ( جنرل رپورٹر )صوبائی دارالحکومت میں پیر کی صبح موسلادھار بارش کی وجہ سے لاہور جنرل ہسپتال کی ملحقہ آبادی میں جمع ہونے والے پانی کو محلے داروں نے نکالنے کیلئے ہسپتال کی عقبی دیوار گرا دی جس کے نتیجے میں پانی کا رخ ہسپتال کی طرف ہو گیا اور آبادی کا تمام بارشی پانی ہسپتال کے مختلف شعبوں بلڈ بنک، سکائٹری، پلمونالوجی، نرسنگ کالج، ہاسٹل اور رہائشی کوارٹروں کے علاوہ ہسپتال کے نشیبی حصوں میں کھڑا ہو گیا۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، انتظامی ڈاکٹرز، ظفر مختار انجینئر سمیت کثیر تعداد میں ملازمین موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے قیمتی مشینری کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں بھرپور حصہ لیا۔ پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر تمام عمل کی خود نگرانی کرتے رہے اور ایل جی ایچ کی تمام ایمبولینسز کو ہسپتال کے داخلی و خارجی گیٹ پر کھڑا کر دیا تاکہ مریضوں کو متعلقہ شعبوں تک باآسانی پہنچایا جا سکے جبکہ ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں معمول کے مطابق مریضوں کا علاج معالجہ جاری رہا۔ شعبہ ورکس اور سینٹری ورکر زہسپتال کے مختلف شعبوں سے نکاسی آب کیلئے متحرک ہو گئے۔