30 سال قبل سمندر میں پھینکا گیا بوتل بند پیغام کینیڈین خاتون کو مل گیا

کینیڈین خاتون کو 34 سال پہلے سمندر میں پھینکی گئی بوتل میں بند لکھا پیغام مل گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ساحلِ سمندر پر ملنے والی بوتل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے خاتون نے سوشل میڈیا پر اس کی تفصیلات لکھیں۔

خاتون نے لکھا کہ ساحلِ سمندر پر مجھے ایک پلاسٹک کی بوتل ملی جس کے اندر ایک نوٹ تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق نوٹ کی تحریر سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ بوتل 34 سال اور 1 ہفتے تک پانی میں رہی، نوٹ پر 29 مئی 1989 کی تاریخ درج ہے۔

ٹروڈی شیٹر نامی خاتون کے سوشل میڈیا پر لکھے پیغام کے مطابق گلبرٹ ہیملن نامی شخص نے کشتی سے یہ بوتل سمندر میں پھینکی تھی جن کی 2 سال قبل موت ہوچکی ہے۔

ٹروڈی شیٹر کے مطابق بوتل پھینکنے والے شخص کے بیٹے نے بھی اس سارے معاملے کی تصدیق کردی ہے اور وہ جلد از جلد اس بوتل کو ان کے گھر بھیج دیں گی۔