صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ فیلڈ ہسپتالوں کا افتتاح کرکے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے عوام سے کیا گیا وعدہ “صحت کی دستک انکی دہلیز پر” پورا کردیا ہے

لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ فیلڈ ہسپتالوں کا افتتاح کرکے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے عوام سے کیا گیا وعدہ “صحت کی دستک انکی دہلیز پر” پورا کردیا ہے۔ لوگ شہباز سپیڈ ، محسن سپیڈ بھول کر مریم نواز سپیڈ یاد رکھیں گے، صحت کے نظام کو اپگریڈ کرکے عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات فراہم کریں گے، فیلڈ ہسپتالوں میں دور دراز علاقوں میں مزدور، ورکر، کسان اور غریب عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات انکی دہلیز پر پہنچائی جائیں گی، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی رہنمائی میں انقلابی تبدیلیاں متعارف کرا کر ہیلتھ سیکٹر کو مکمل ٹرانسفارم کردیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے فیلڈ ہسپتالوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر میاں نواز شریف نے پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے لئے جو خدمات انجام دیں، اب قوم کی بیٹی مریم نواز شریف انکو آگے بڑھائیں گی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کو اعزاز حاصل کہ دو ماہ کے قلیل عرصہ میں فیلڈ ہسپتالوں کا میگا پراجیکٹ شروع کرکے صحت کی دستک عوام کی دہلیز پر پروگرام کو عملی جامہ پہنا دیا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب مل کر ایمانداری اور کمٹمنٹ کے ذریعے مسیحائی خدمت سے ہیلتھ کا نظام مکمل بدل دیں گے، بلیک میلنگ اور شرپسند عناصر کا محاسبہ کریں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ہیلتھ سیکٹر میں انقلابی منصوبے اس سپیڈ سے مکمل کریں جن کی مثال ایشیا میں نہیں ملے گی۔ خواجہ عمران نذیر نے فیلڈ ہسپتالوں کے کامیاب منصوبہ کے اجراء پر محکمہ صحت کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور مبارکباد دی۔