مچھلی پکڑنے والے شخص کو جھیل سے 32 سال پہلے چوری کی گئی جیپ مل گئی

امریکا کی ریاست کینساس میں مچھلی پکڑنے کے لیے جانے والے شخص کو جھیل سے 32 سال پہلے چوری ہونے والی جیپ مل گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 45 سالہ جاہن ماؤنس نے کہا کہ میں نے پانی کے اندر کچھ عجیب دیکھا جس کے بعد میں نے لائیو اسکوپ اندر ڈال کر دیکھا تو گاڑی کے پُرزے دکھائی دیے۔

جاہن ماؤنس نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ پہلے میں نے مچھلیاں پکڑیں اور بعد میں پارکنگ ایریا میں جا کر حکام کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔

پولیس نے امریکی شہری کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی کی نمبر پلیٹ سے معلوم ہوا ہے کہ یہ 1983 کے ماڈل کی ایک جیپ ہے جس کے چوری ہونے کی شکایت 1990 میں درج کرائی گئی تھی۔

امریکی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کے مالک سے رابطہ کیا گیا تو اس نے کہا کہ اسے گاڑی کی انشورنس کے پیسے مل چکے ہیں جس کے بعد انشورنس کمپنی کو بھی اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اب یہ بات انشورنش کمپنی پر منحصر ہے کہ وہ اس معاملے کو کیسے دیکھتی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جاہن ماؤنس نے پانی کے اندر سے ملنے والی جیپ کی کہانی جاننے کے خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔