جیکب آباد کا خبرنامہ – تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے جیل میں نارواسلوک کا معاملہ، عدالت میں کیس کی سماعت، جیل سپرنٹنڈنٹ عدالت میں پیش۔ – مشہور نعت خواں فرحان علی قادری ساتھیوں سمیت تحریک لبیک پاکستان میں شمولیت کا اعلان کردیا۔


جیکب آباد کا خبرنامہ
==============

جیکب آبادرپورٹ ایم ڈی عمرانی۔
تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے جیل میں نارواسلوک کا معاملہ، عدالت میں کیس کی سماعت، جیل سپرنٹنڈنٹ عدالت میں پیش۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے ڈسٹرکٹ جیل میں قید تحریک انصاف کے رہنما سابق وفاقی وزیر علی زیدی کے ساتھ جیل میں غیر انسانی و نارواسلوک کے خلاف شہری کی درخواست پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالغفور کلہوڑو کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جیل سپرنٹنڈنٹ نظر محمد گاد عدالت میں پیش ہوئے درخواست گزار کے وکیل محمد نواز رند نے سماعت کے دوران عدالت سے استدعا کی کہ علی زیدی بیمار ہے شگر اور بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہے لیکن اس کے باوجود اس کی ادویات فراہم نہیں کی جارہی اور پینے کا پانی دیا جارہا جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، استدعا ہے کہ جیل میں قید علی زیدی سے ملاقات کرائی جائے اور قانون کے تحت تمام سہولیات فراہم کی جائیں جس پر عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو علی زیدی کو سہولیات فراہم کرنے اور ملاقات کرانے کے احکامات جاری کئے۔ اس سلسلے میں وکیل محمد نواز رند نے بتایا کہ علی زیدی سے جیل میں نارواسلوک کے خلاف داخل درخواست کی سماعت ہوئی عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو علی زیدی کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وکلاء اور اہلخانہ سے ملاقات کرانے کا حکم جاری کیا۔

جیکب آباد رپورٹ ایم ڈی عمرانی۔
امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جمہوریت کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی خدمت کرنا ہے لیکن بدقسمتی سے حکمرانوں نے جمہوریت کو لوٹ مار اور اپنے ذاتی مقاصد کی تکمیل کو سمجھ لیا ہے۔ مہنگائی، بدامنی سے لیکر معیشت کی تباہی بھی ان ہی وجوہات کا نتیجہ ہے، سراج الحق پر ژوب بلوچستان میں حملہ بزدلانہ کاروائی اور حکومتی ناکامی ہے، جب عالمی سطح کی جماعت کا امیر اور سیاسی جلسے دہشت گردوں سے محفوظ نہیں تو پھر سیکورٹی فراہم کرنے والے ادارے عام عوام کو کیا تحفظ فراہم کریں گے، اربوں روپے امن کی بحالی کے نام پر خرچ کرنے کے باوجود حکومت عام عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال جیکب آباد میں ورکرز کنونشن سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل صوبائی رہنما حافظ نصر اللہ چنا، عبدالحفیظ بجارانی، امیر ضلع دیدار علی لاشاری، مجاہد چنا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل ہال سے پریس کلب تک امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر ہونے والے حملے کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ملوث عناصر اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کو عبرتناک سزا دی جائے۔

جیکب آباد رپورٹ ایم ڈی عمرانی۔
مشہور نعت خواں فرحان علی قادری ساتھیوں سمیت تحریک لبیک پاکستان میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مشہور نعت خواں فرحان علی قادری نے اپنے ساتھیوں محمد یوسف کھوسہ، حسین کھوسہ، حسن کھوسہ، فراز احمد گوپانگ، نواب سیال، اسلم سبھایو، درویش عبداللہ خان پٹھان سمیت تحریک لبیک پاکستان میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ اس موقع پر تحریک لبیک کے ڈویژنل صدر وسیم ابڑو، ضلع صدر دلاور رند، سلمان گوپانگ نے مشہور نعت خواں فرحان علی قادری کو تحریک لبیک میں شمولیت کرنے پر مبارکباد دی۔

جیکب آباد رپورٹ ایم ڈی عمرانی۔
جیکب آباد میں غیرت کے نام پر شوہر کے ہاتھوں بیوی قتل۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے بی سیکشن تھانہ کی حدود جونگل کے علاقے میں شوہر نے اپنی بیوی کو غیرت کے نام پر قتل کردیا ہے، حدود کی پولیس کے مطابق ملزم محمد علی بنگلانی نے سیاہ کاری کے الزام میں اپنی 25 سالہ بیوی عائشہ کو پسٹل کے فائر کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگیا اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر لاش کو تعلقہ اسپتال منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثہ کے حوالے کی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزم کے والد عرض محمد بنگلانی کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
=============================