نائیجیرین خاتون نے مسلسل 100 گھنٹوں تک کھانا پکاکر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

کھانا پکانا بعض لوگوں کا مشغلہ ہوتا ہے لیکن مسلسل 4 دن اور 4 گھنٹے یعنی مسلسل 100 گھنٹوں تک کھانا پکانا یقیناً جنون ہی ہوسکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی ریکارڈ قائم کرکے دنیا کے نقشے پر افریقی ریاست نائیجیریا کو اُبھارنے کے جنون میں نائیجیرین شیف ہلڈا باسی نے مسلسل 100 گھنٹوں تک بغیر رُکے، بغیر تھکے دن اور رات کی پروا کئے بغیر کھانا پکایا۔

نائیجیریا کے علاقے لاگوس سے تعلق رکھنے والی شیف ہلڈا باسی کا کہنا ہے کہ ’میں کچھ ایسا کرنا چاہتی تھی جس سے دنیا بھر میں صرف مجھے ہی نہیں بلکہ میرے ملک نائیجیریا کو بھی پہچان ملے، نوجوان افریقی خواتین کو پہچان حاصل ہو اور میرے بعد آنے والی نسل کے لئے بہترین مثال قائم ہو‘۔

انہوں نے نائیجیرین حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس عالمی ریکارڈ کے قیام میں حکومت، ریستوران کے مالک اور عوام نے بہت ساتھ دیا ہے، جن کی تہہ دل سے شکرگزار ہوں‘۔