شاہد غزالی ایک ہمہ جہت اور نابغہ روزگار شخصیت

تحریر۔۔۔اسرار ایوبی
سابق افسر تعلقات عامہ EOBI
ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان

ہمارے پرانے دوست شاہد غزالی ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں ۔ جن کی پوری زندگی باعزت ذریعہ معاش کے حصول، محنت کشوں کی خدمت، ٹریڈ یونین تحریک کے فروغ اور دشت صحافت میں خبروں اور رپورٹنگ کی سخت جدوجہد میں بسر ہوئی ہے ۔

آپ نے اپنی ملازمت کا آغاز عالمی شہرت یافتہ جرمن الیکٹریکل کمپنی Seimens پاکستان کی ملازمت سے کیا تھا ۔ جہاں آپ حصول روزگار کے ساتھ ساتھ کمپنی کے محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے بھرپور طور سے سرگرم رہے ۔ Seimens کمپنی میں ٹریڈ یونین سرگرمیوں کے دوران آپ کو ملک کے معروف مزدور رہنماء نبی احمد کے ساتھ خدمات انجام دینے کا بھی شرف بھی حاصل رہا ہے ۔

1993ء میں آپ نے اپنی افتاد طبع کی پکار پر Seimens الیکٹریکل کمپنی کی اچھی خاصی ملازمت کو خیر باد کہتے ہوئے کوچہ صحافت میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا اور اس دور کے مقبول روزنامہ حریت کراچی سے منسلک ہوگئے ۔

اس کے بعد شاہد غزالی نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اپنی غیر معمولی صحافتی صلاحیتوں کی بناء پر ان کا ایک کے بعد دیگرے اخبارات اور ٹی وی چینلز تک کا طویل سفر جاری رہا جہاں وہ ایک طویل عرصہ تک اپنی صحافتی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے رہے

حال ہی میں شاہد غزالی نے اپنی ٹریڈ یونین تحریک سے پرانی وابستگی کو ازسرنو زندہ کرتے ہوئے ملک کے محنت کشوں کی سرگرمیوں، خبروں اور رپورٹوں کو قومی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے ایک ہفت روزہ ٹریڈ یونین پاکستان جاری کیا ۔ جبکہ اس پر آشوب دور میں ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ اور بڑھتے ہوئے رحجان کے باعث ملک کے بڑے نامی گرامی اخبارات اور جرائد تیزی سے دم توڑ رہے ہیں ۔

ہفت روزہ ٹریڈ یونین تحریک کو ملک کے کروڑوں افراد پر مشتمل مظلوم اور محروم محنت کش طبقہ کے لئے ایک بیباک ترجمان شمار کیا جاتا ہے ۔ چار رنگین صفحات پر مشتمل ہفت روزہ ٹریڈ یونین پاکستان میں محنت کشوں کی سرگرمیوں پر مشتمل ملکی اور بین الاقوامی خبریں، رپورٹیں، مضامین اور مزدور رہنماؤں کے انٹرویو شامل ہوتے ہیں جو محنت کشوں میں بڑے ذوق و شوق اور دلچسپی سے پڑھے جاتے ہیں ۔

الحمدللہ! شاہد غزالی ملک میں ٹریڈ یونین تحریک سے اپنی دیرینہ وابستگی، محنت کشوں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے کے جذبہ کی بدولت اپنے ذاتی اخراجات پر نہایت کامیابی کے ساتھ اب تک ہفت روزہ ٹریڈ یونین پاکستان کے چار شمارہ شائع کر چکے ہیں ۔ جنہیں ملک بھر میں شعبہ محنت سے وابستہ طبقہ کی جانب سے خاصی پذیرائی نصیب ہوئی ہے ۔

ایسے میں ملک کی ٹریڈ یونین تحریک، لیبر فیڈریشن لیبر یونینوں اور مزدور رہنماؤں کو شاہد غزالی کی حوصلہ افزائی اور محنت کشوں کے بیباک ترجمان ہفت روزہ ٹریڈ یونین پاکستان کی سرپرستی کرنے کی کی ضرورت ہے ۔

اسرار ایوبی
سابق افسر تعلقات عامہ EOBI
ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان
==================================