ہلال احمر رمضان المبارک میں سیلاب متاثرہ گھرانوں کو امدادی سامان دے گا

خیرپور، قمبر شہداد کوٹ، دادو، نوشہرو فیروز میں رجسٹریشن اور ٹوکن کی فراہمی مکمل
سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں ہلال احمر پیش پیش ہے، سردار شاہد احمد لغاری
لاڑکانہ () ہلال احمر

پاکستان نے رمضان المبارک میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے خیرپور، دادو، قمبر شہداد کوٹ اور لاڑکانہ میں انتہائی ضرورت مند گھرانوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا ہے. ان اضلاع میں ضلعہ انتظامیہ سے مشاورت کے بعد رضا کار ٹیموں نے گوٹھ گوٹھ گھر گھر جا کر متاثرین کی رجسٹریشن کی اور ٹوکن بھی دیے. تفصیلات کے مطابق خیرپور کی یوسی نصیر آباد، محمد بخش دھر، کوٹ ڈیجی، گوٹھ لین ان اور یوسی میٹر وسیر تعلقہ تھری میرا میں کل 900 گھرانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا جائے گا اسی طرح دادو میں دو ہزار گھرانوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے. قمبر شہداد کوٹ تین ہزار متاثرہ گھرانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا جائے گا. رضاکار ٹیموں نے رجسٹریشن اور ٹوکن کی فراہمی مکمل کر لی ہے. یوسی اعتبار چانڈیو، یوسی کھنڈو، یوسی جمالی اور یوسی میرپور میں گھر گھر جاکر رجسٹریشن کی گئی ہے. نوشہرو فیروز میں سیلاب متاثرہ 2ہزار گھرانوں کوہلال احمر کی جانب سے امدادی سامان فراہم کیا جائے گا یہاں بھی رجسٹر یشن اور ٹوکن کی فراہمی کا عمل مکمل کر لیا گیاہے. لاڑکانہ میں بھی سیلاب متاثرہ انتہائی ضرورت مند گھرانے مستفید ہوں گے. ہلال احمر پاکستان کے چیئر مین سردار شاہد احمد لغاری نے اس عزم کا اظہار کیا ہے سیلاب زدگان کی مدد ہلال احمر نے اپنا فرض سمجھا ہے. ریسکیو اور ریلیف کی فراہمی میں ہلال احمر نے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی ہے. بحالی اور تعمیر نو میں ہلال احمر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا.مجموعی طور پر 8 ہزار متاثرین کے لیے فوڈ پیکج اور 6 ہزار گھرانوں کے لیے امدادی سامان مہیا کیا جائے گا.
کل دو سو لیٹرین بھی تعمیر کی جاہیں گی. لاڑکانہ اور شکارپورمیں 100 بیت الخلاء کی بھی تعمیر جاری ہے. ہلال احمر نے اس پراجیکٹ میں مساجد کو بھی شامل کیا ہے.
رپورٹ محمد عاشق پٹھان
=============================