یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے میڈیکل کالجوں کے لیے نئے ماڈیولز نصاب کے تحت امتحانی نظام میں بھی تبدیلی کی منظوری دیدی


لاہور(جنرل رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے میڈیکل کالجوں کے لیے نئے ماڈیولز نصاب کے تحت امتحانی نظام میں بھی تبدیلی کی منظوری دیدی۔ نیا امتحانی نظام نئے سیشن یعنی 23 ۔2022 سے لاگو ہوگا۔ یونیورسٹی میں منگل کے روز وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور کی سربراہی میں ہونے والے ایک مشاورتی اجلاس میں اس حوالے سے کیے جانے والے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں الحاق شدہ میڈیکل کالجوں کے سربراہان اور میڈیکل ایجوکیشن ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں سالانہ امتحانات کے نتائج اور سپلیمنٹری امتحانات کے آغاز کے درمیان وقفے کو 40 دن سے کم کرکے 21 دن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ماڈیولر نصاب کے تحت میڈیکل سٹوڈنٹس کیلئے کالج بلاک امتحانات میں مجموعی طور پر کم ازکم 50 فیصد نمبرز لینا لازمی ہو گا۔ اسی طرح 75 فیصد سے کم حاضری پر بھی طالب علم کو یونیورسٹی کے سالانہ پروفیشنل امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید برآں کلینیکل سکلز، پروفیشنلزم، اخلاقیات ، قرآنی تعلیم میں سٹوڈنٹ کی کارکردگی کو سال کے آخر میں پروفیشنل امتحانات کے نتائج میں شامل کیا جائے گا۔ نیا نظام یکم مارچ سے آنے والی فرسٹ ائیر ایم بی بی ایس کلاس پر لاگو ہوگا۔اجلاس میں میڈیکل کالجوں کے ساتھ فرسٹ ائیر ایم بی بی ایس کا نیا ٹائم ٹیبل بھی شئیر کیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ کالجز اپنے اپنے وسائل اور فیکلٹی کے مطابق ٹائم ٹیبل تشکیل دے سکتے ہیں۔ یونیورسٹی کالجوں کی فیکلٹی کو ہر ممکن تربیت اور تعاون فراہم کریگی۔ اجلاس میں رجسٹرار پروفیسر نادیہ نسیم ، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ثاقب محمود اور ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر خالد رحیم بھی موجود تھے۔