الیکشن کمیشن پر احتجاج: بزرگ اور بیمار عمران خان کی درخواستِ ضمانت مسترد

الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے کیس میں انسدادِدہشت گردی کی عدالت نے عدم حاضری پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی۔

الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف کیس کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے سماعت کے دوران فیصلہ سنایا۔

عدالت کی جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت خارج کی گئی۔

بابر اعوان کے دلائل
اس سے قبل دورانِ سماعت عمران خان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے ایف آئی آر پڑھ کر سنا ئی اور کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج نے عمران خان کو 27 فروری تک عبوری ضمانت دے رکھی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ آپ بھی 27 فروری تک عبوری ضمانت میں توسیع دے دیں، عمران خان نے کوشش کی مگر سفر نہیں کر سکے، وہ نہ کبھی ملک اور نہ ہی عدالت سے بھاگے ہیں۔

بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پوری کابینہ سوچ رہی ہے کہ عمران خان کو کیسے گرفتار کیا جائے؟ گرفتاری کے لیے یہ بھی سوچا جا رہا ہے کہ گرفتار کیسے کریں؟

جج نے کہا کہ اگر بلٹ انجری پر ایک ملزم کو ریلیف دیا تو دیگر کو بھی دینا پڑے گا۔

بابر اعوان نے کہا کہ عدالت ضمانت کی درخواست یہ کہہ کر واپس کر دے کہ دہشت گردی کی دفعات نہیں بنتیں۔

جج راجہ جواد عباس حسن نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک فیصلے نے ہمارے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں، چالان جمع ہونے کے بعد ہم اس مرحلے پر پہنچیں گے۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عدالت ایک آخری موقع دے کر سمن جاری کر دے، میں 10 ہزار کا شیورٹی بانڈ جمع کرانے کو تیار ہوں، مجھے ضمانت کی درخواست واپس لینے کی ہدایات لینے دیں۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج نے کہا کہ اگر آپ ضمانت کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں تو دروازہ کھلا ہے، اگر درخواست واپس نہ لی تو عدالت فیصلہ سنائے گی، اگر لاہور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے کر آئیں تو وہ دروازہ بھی کھلا ہے۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے کیس کی سماعت میں آدھے گھنٹے کا وقفہ کر دیا۔

عمران خان کو آج ہی پیش ہونے کا حکم
اس سے قبل انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے عمران خان کو آج ڈیڑھ بجے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

جج جواد عباس نے احکامات جاری کرتے ہوئے عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست بھی خارج کر دی تھی۔

الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے کیس میں عمران خان عبوری ضمانت پر ہیں۔

عدالت نے آج تک حاضری کے لیے عمران خان کو مہلت دے رکھی تھی۔

بینکنگ کورٹ نے بھی آج ہی بلایا

ممنوعہ فنڈنگ کیس: عمران خان کو آج ہی پیش ہونے کا حکم

اس سے قبل بینکنگ کورٹ بھی عمران خان کو آج عدالتی وقت ختم ہونے سے پہلے پیش ہونے کا حکم دے چکی ہے۔

بینکنگ کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کو آج ساڑھے 3 بجے تک پیش ہونے کی مہلت دے دی۔
================================

*وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا عمران خان کی عدالت سے استثنیٰ پر ٹویٹ ۔۔۔

‏عمران خان بزرگ ہیں اور بیمار بھی ! وکیل عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے !