محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پر سائلین کی دادرسی محتسب پنجاب کے حکم پر ایل ڈی اے نے پیکو روڈ پر کراسنگ پُل کی تعمیرکی منظوری دے دی


لاہور14 فروری:……محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پیکو روڈ پر 78 ملین روپے سے کراسنگ پُل کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے جس سے بالخصوص معمر افراد،خواتین وبچوں کو سڑک عبور کرنے میں سہولت ملے گی۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ محتسب پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے عائشہ پارک شیخوپورہ کی ضروری تزئین و آرائش اور مرمت کے علاوہ چار مالی تعینات کر دیے ہیں تا کہ سیر کرنے والے افراد کو قدرتی ماحول میسر آئے۔
ترجمان نے بتایا کہ شیخوپورہ کی خزائمہ اظہر کی شکایت پر محتسب آفس کی کارروائی کے نتیجے میں اے ایس آئی قمر عباس کی ایک سال کی سروس ضبطگی اور ایک سال کی تنخواہ میں اضافہ روکنے کی سزا کے ساتھ ساتھ شکایت کنندہ کی ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔دریں اثناء جھنگ کے طارق اسلم شیخ کی لینڈ مافیا کی ناجائز تعمیرات اور سرکاری رقبہ جات پر قبضہ کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائی میں ناکامی پر ایکشن کی ایک علیحدہ درخواست پر محتسب آفس کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی جھنگ کے 22 افسران و اہلکاران کے خلاف پیڈاایکٹ 2006 کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایک علیحدہ کارروائی میں محتسب پنجاب کے حکم پر اعلی و ثانوی تعلیمی بورڈ ساہیوال نے درخواست گزاران احسن ذیشان، حمائل علی، محمد حسن منظور اور محمد حسن رضا کے ترمیم شدہ انٹرمیڈیٹ رزلٹ کارڈز جاری کر دیے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭
==========================