وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق سے کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکینلونا کی ملاقات

اسلام آباد: یکم فروری 2023
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق سے پاکستان میں کینیڈ کی ہائی کمشنر لیسلی سکینلونا نے آج وزارت اقتصادی امور میں ملاقات کی جس میں سیکرٹری ای اے ڈی اور اقتصادی امور ڈویژن کے دیگراعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور نے کینیڈین ہائی کمشنر کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دیرینہ دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ کینیڈا متنوع پاکستانی کمیونٹی کی میزبانی کرتا ہے جو دونوں ممالک کے لیے قابل تعریف اور حوصلہ افزابات ہے ۔
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور نے کینیڈین حکومت کی مدد کو سراہا اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر کینیڈین ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔ اس بات کا اشتراک کیا گیا کہ کینیڈا ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون اور امداد کا ذریعہ رہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے مجموعی حجم پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلقات کو مزید بڑھانے اور مضبوط بنانے کے لیے متعدد امکانات تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکینلونا نے بتایا کہ کینیڈا نے پاکستان میں متعدد دو طرفہ اور کثیر جہتی منصوبے شروع کیے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ کینیڈا پاکستان میں مختلف شعبوں میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان موجود تجارت کی بھرپور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
دونوں اطراف کے اعلیٰ حکام معیشت کی بھلائی، ثقافتی تبادلے اور ایک اہم تقابلی فائدہ حاصل کرنے کے لیے باہمی تعاون کے لیے مستقبل کے تعاون کو تقویت دینے پر متفق تھے۔ آخر میں، دونوں اطراف نے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مصروف عمل رہنے کے عزم کا اعادہ کیا
====================