شوبز انڈسٹری فیفا کے مزے لینے دوحا پہنچ گئی

فیفا ورلڈ کپ 2022 کا فائنل جیسے جیسے قریب آ رہا ہے شائقین فٹبال کے دلوں کی دھڑکنیں بھی تیز ہو رہی ہیں۔

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سمیت پاکستان شوبز انڈسٹری کے کئی فنکاروں کی بڑی تعداد بھی اسی فہرست میں شامل ہے، جو اپنی پسندیدہ ٹیم کو سپورٹ کرنے سیمی فائنلز اور فائنل دیکھنے قطر پہنچ گئی۔

شوبز شخصیات کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ فیفا ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل اور فائنل میں شرکت کے لئے دوحا میں موجود ہیں، جہاں سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر تصاویر، ریلیز اور اسٹوری اپ ڈیٹ کر رہی ہیں۔

ماہرہ خان نے اپنے بھائی کے ہمرا ارجنٹینا اور کروشیا کے سیمی فائنل سے تصاویر انسٹا اسٹوری پر شیئر کیں جس میں وہ ارجنٹینا کو سپورٹ کر تی نظر آ رہی ہیں جبکہ گزشتہ روز ہونے والے سیمی فائنل میں ماہرہ خان کا جھکاؤ مراکش کی جانب تھا۔
بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا جو نہ صرف اپنے کھیل بلکہ اپنے ڈریسنگ سینس اور ٹک ٹاک ویڈیوز کے لیے بھی مشہور ہیں، وہ بھی اس وقت دوحا میں اپنی بہن انعم مرزا کے ساتھ فٹ بال کے عالمی کپ کے مزے لے رہی ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی اداکار سید جبران اپنے بیٹے کے ساتھ سیمی فائنل سے کافی پہلے ہی دوحا پہنچ گئے ، انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر جنوبی کوریا بمقابلہ پرتگال اور برازیل بمقابلہ کیمرون کے میچز کے دوران بنائی گئی ویڈیوز شیئر کیں تاہم وہ فائنل میں میسی کی ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں۔
پاکستان میوزک انڈسٹری سے وابستہ گلوکار عدیل چوہدری بھی دوحا میں ہیں، انہوں نے ارجنٹینا بمقابلہ ہالینڈ کے میچ سے سیلفی شیئر کی، یہ بھی میسی کے مداح ہیں، اب فائنل میں فیفا ٹرافی ارجنٹینا کے ہاتھوں میں دیکھنا چاہتے ہیں۔