بھارت میں شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کیخلاف شدید مظاہرے

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کے خلاف بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں شدید مظاہرے کیے گئے ہیں۔

انتہا پسند ’ویر شیواجی گروپ‘ کے کارکنان نے سڑک کے ایک چوراہے پر جمع ہوکر اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اداکار شاہ رخ خان کے پتلے نذر آتش کیے۔

مشتعل مظاہرین کا کہنا ہے کہ فلم ’پٹھان‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ نے ہندو برادری کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے، اس لیے فلم کی نمائش پر پابندی عائد کی جائے۔

اس سے قبل، مدھیا پردیش کے ہوم منسٹر نروتم مشرا نے دیپیکا پڈوکون اور شاہ رخ خان کے کپڑوں کے رنگوں پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور اسے صحیح کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر گانے کے کچھ مناظر کو صحیح نہیں کیا گیا تو فلم کی مدھیا پردیش میں ریلیز سے متعلق ہم خود کوئی فیصلہ کرلیں گے۔

انہوں نے گانے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ گانے میں استعمال کیے گئے الفاظ ’بےشرم رنگ‘ بھی قابل اعتراض ہیں۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی فلم ’پٹھان‘ اگلے سال 25 جنوری کو ریلیز ہونے والی ہے۔