معین اختر کو اپنی زندگی میں کس بات پر پچھتاوا تھا؟

پاکستان کے لیجنڈ فنکار معین اختر کے ایک انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میزبان معین اختر سے یہ سوال پوچھتی ہیں کہ’آپ کو اپنی زندگی میں کوئی پچھتاوا ہے؟‘

جس کے جواب میں اداکار نے کہا کہ’کچھ نہیں، ویسے تو پوری زندگی ہی خواہشوں اور پچھتاوں سے بھری ہوئی ہے‘۔
اُنہوں نے کہا کہ’بعض چیزوں کی انسان کو بڑی خواہش ہوتی ہے جو نہیں پوری ہوتیں!‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ’انسان بڑا ناشکرا اور نامکمل ہے، اس طرح ہم بھی آج سب کچھ ہونے کے باوجود بھی سوچتے ہیں کہ اگر میں ہالی ووڈ میں ہوتا تو میں یوں ہوجاتا، اگر میں فلاں جگہ پر ہوتا تو ایسا ہوتا، اگر فلاں قسم کا ساتھی ہوتا زندگی میں تو میں ایسے رہتا‘۔ ‘۔

معین اختر نے کہا کہ’یہ سب بیکار کی باتیں ہیں، انسان کبھی مطمئن نہیں ہوسکتا‘۔
اُنہوں نے کہا کہ’آپ کو ایک بہت اچھی چیز بھی مل جائے گی تو آپ اس سے بہتر کی تلاش میں نکل جائیں گے، جب وہ مل جائے گی تو اس سے اچھے کی تلاش میں ہوں گے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’مجھے اپنی زندگی میں کوئی پچھتاوا نہیں ہے کیونکہ جس انسان کے پاس آج سے کئی سال پہلے کچھ بھی نہیں تھا اور آج اللّٰہ نے سب کچھ دیاہے تو اسے کیا پچھتاوا ہوگا‘۔